چیئرمین سینیٹ نے کراچی میں بریک ڈاؤن سے متعلق تحریک التواء بحث کے لئے منظور کر لی ٗرواں ہفتے بحث ہوگی

کراچی الیکٹرک کا کوئی پرفارمنس آڈٹ نہیں کیا گیا جو آئینی ذمہ داری ہے، ایوان میں تفصیل سے بات ہونی چاہیے ٗتاج حیدر

منگل 4 اگست 2015 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کراچی میں بریک ڈاؤن سے متعلق تحریک التواء بحث کے لئے منظور کر لی ٗرواں ہفتے بحث کی جائے گی۔ منگل کو اجلاس کے دوران سینیٹر تاج حیدر نے کراچی میں بار بار بریک ڈاؤن سے متعلق تحریک التواء منظوری کے تعین کیلئے پیش کی انہوں نے کہا کہ کراچی الیکٹرک کی جانب سے ہفتے میں چار مرتبہ بریک ڈاؤن کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سسٹم کی مرمت نہیں کی جاتی، پہلے ایک ایک جوائنٹ اور پول کو دیکھا جاتا تھا، اب وہ سٹاف ہی فارغ کر دیا گیا ہے جو یہ کام کرتا تھا، ذرا سی بارش یا بارش سے لائن منقطع ہو جاتی ہے۔

یہ بہت اہم معاملہ ہے، برسوں سے کراچی الیکٹرک کا کوئی پرفارمنس آڈٹ نہیں کیا گیا جو آئینی ذمہ داری ہے، ایوان میں اس معاملے پر تفصیل سے بات ہونی چاہیے اور چیئرمین کی طرف سے اس سلسلے میں احکامات جاری کئے جانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین رضا ربانی نے تحریک کو بحث کے لئے منظور کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ 10 جولائی 2015ء کو متعلقہ کمیٹی پانی و بجلی کے چیئرمین نے اس معاملے پر کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی ہے اس لئے کمیٹی کی رپورٹ اور اس تحریک کو اکٹھا کیا جاتا ہے۔ سینیٹ سیکرٹری رواں ہفتے اس کمیٹی کی رپورٹ اور تحریک التواء کو بحث کے لئے ایجنڈے پر لائے۔

متعلقہ عنوان :