آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین نے آڈیٹر جنرل آف گلگت بلتستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے آڈٹ کی تمام سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے گا ٗ وزیر اعلیٰ

منگل 4 اگست 2015 22:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین نے آڈیٹر جنرل آف گلگت بلتستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی سادہ مگر پروقار تقریب سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت میں منعقد ہوئی قائم مقام چیف جسٹس سپریم اپیلیٹ کورٹ آف گلگت بلتستان جسٹس راجہ جلال الدین نے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں صوبائی وزراء ڈاکٹر محمد اقبال، فرمان علی، چیف سیکرٹری جی بی طاہر حسین، رجسٹرار چیف کورٹ ممتاز احمد، ڈی جی پی آر، جی بی کے علاوہ دوسرے اہم محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

گلگت بلتستان گورننس آرڈز 2009ء کے تحت آڈیٹر جنرل آف پاکساتن ہی آڈیٹر جنرل آف گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالتا ہے۔ منگل کو آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق حلف لینے کے بعد رانا اسد امین نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن سے ملاقات کی اور جی بی میں آڈٹ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر آڈیٹر جنرل جی بی کو یقین دلایا کہ وہ جلد ہی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا قیام عمل میں لائیں گے اور تمام محکموں میں شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔

بدعنوانی میں ملوث محکموں کا اسپیشل آڈٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے آڈٹ کی تمام سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ سابقہ دور میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے غیرفعال ہونے اور آڈٹ سفارشات پر عملدرآمد نہ کرنے سے مختلف محمکموں میں بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں میں اضافہ ہوا۔ آڈیٹر جنرل آف گلگت بلتستان رانا اسد امین نے وزیراعلیٰ کو جی بی کے سرکاری محکموں میں بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ عوام کوسماجی و معاشرتی انصاف دلانا نہ صرف ہماری آئینی بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔

آڈیٹر جنرل آف گلگت بلتستان رانا اسد امین نے اکاؤنٹنٹ جنرل گلگت بلتستان ڈی جی پی آر اور ڈی جی آڈٹ جی بی کے دفاتر کا بھی دورہ کیا اس دوران انہیں متعلقہ دفاتر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آڈیٹر جنرل نے انہیں گلگت بلتستان میں آڈٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے اصلاحات متعارف کرانے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :