وزیر اعظم کا سندھ کا دورہ وزیراعلیٰ سندھ کے بروقت اقدامات کی تائید و توثیق ہے، پاکستان پیپلزپارٹی

وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران ایک ارب روپے کی مالی امداد کا جو اعلان کیا ہے وہ خوش آئند لیکن اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے

منگل 4 اگست 2015 22:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سہراب سرکی، سید سردار علی شاہ،فیاض علی بٹ اور ڈاکٹر بہادر ڈاہری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بالخصوص سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ اور سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات و آبپاشی نثار احمد کھوڑو نے شدید طوفانی بارشوں اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال سے صوبے کے عوام اور زرعی زمینوں کو بچانے کے لئے دن رات ذاتی طور پر مانیٹرنگ کرکے گڈ گورننس کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بروقت حفاظتی اور بحالی سے متعلق اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات و آبپاشی نثار احمد کھوڑو سمیت تمام وزراء اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی کے عہدیداروں نے دن رات بندوں کی نگرانی کرکے سیلاب کے نقصانات سے بچنے کو ممکن بنایا یہ قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا حالیہ دورہ خوش آئند ہے جبکہ ان کا یہ دورہ وزیر اعلیٰ سندھ کے مثبت اقدامات کی تائید اور توثیق ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک شدید بارشوں اور سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت سندھ نے اپنے محدود وسائل کے باوجود جس اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور میں سرفہرست ’’عوامی خدمت‘‘ کی روشن مثال ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران ایک ارب روپے کی مالی امداد کا جو اعلان کیا ہے وہ خوش آئند لیکن اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سینئر وزیر برائے انفارمیشن اور آبپاشی نثار احمد کھوڑو کی جانب سے دن رات سیلابی صورتحال کی مانیٹرنگ سے صورتحال کو قابو میں رکھنے میں مدد ملی ہے اور کوئی بڑا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :