کراچی کی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں تاجروں اور یہاں آنے والے گاہکوں کی مکمل سیکورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر

گذشتہ ایک سال کے دوران کراچی کے تاجروں کو بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کے نرغے سے نکالنے میں سندھ پولیس کا کردار قابل ستائش ہے، کاشف صابرانی

منگل 4 اگست 2015 22:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر نے کہا ہے کہ کراچی کی تاجر برادری کو مکمل طور پر سیکورٹی کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں ہم تاجروں کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ ان کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ جبکہ کراچی تاجر تاجر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کاشف صابرانی نے کہا ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران کراچی کے تاجروں کو بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کے نرغے سے نکالنے میں سندھ پولیس کا کردار قابل ستائش ہے البتہ مارکیٹوں میں تعینات سندھ ریزو پولیس کی نفری کو ہٹائے جانے سے تاجروں کوتحفظات کا سامنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی تاجر ایسوسی ایشن (بوتل بازار) کے زیر اہتمام مقامی ہال میں منعقدہ عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل احمد، ایس ایس پی ساؤتھ ڈاکٹر فاروق، ایس پی ساؤتھ شبیر احمد، سندھ تاجر اتحاد اور کراچی تاجر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اسماعیل لالپوریہ، سلمان صابرانی، معیز عطروالا، سلیم میمن، حسین قریشی، ارشد خان، حنیف شیخانی، جاوید صابرانی، نورالحسن، عبدالرحمان، عبدالغنی، سہیل شاہ جی، رضوان عرفان، حاجی ناصر ترک، طارق میسانیا، حاجی نثار خاکسار، قیوم خاکسار، قیوم قریشی، مرزا صادق بیگ، سلیم راجپوت اور دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر نے کہا کہ کراچی کی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں تاجروں اور یہاں آنے والے گاہکوں کی مکمل سیکورٹی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں سندھ پولیس کی جانب سے مارکیٹوں کی سیکورٹی کا مربوط نظام بنایا گیا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ مارکیٹوں میں جرائم پیشہ افراد اور بھتہ خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد اب اس کرائم میں بڑے پیمانے پرکمی واقع ہوئی ہے اور اس سلسلے میں ہم مارکیٹوں کی ایسوسی ایشنز اور تنظیموں کو یقین دلاتے ہیں کہ زیرو فیصد کرائم ہی ہماری ترجیح ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کراچی تاجر ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور تقریب کے میزبان کاشف صابرانی کی جانب سے دئیے گئے عید ملن ظہرانے میں ان کو مدعو کرنے پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاشف صابرانی نے کہا کہ ہم سندھ پولیس کی جانب سے کراچی میں قیام امن اور بالخصوص کراچی کی تاجر برادری کو سیکورٹی کی فراہمی پر ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران کراچی میں بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے اور بالخصوص کراچی آپریشن کے بعد کراچی کی تاجر برادری نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کی مارکیٹوں میں آپریشن کے آغاز پر سندھ ریزو پولیس کے جوانوں کو تعینات کئے جانے سے اسٹریٹ کرائم میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوگئی تھی تاہم ان کو ہٹائے جانے کے بعد مارکیٹوں میں اسٹریٹ کرائم میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جو قابل تشویش ہے۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی پولیس اور دیگر موجود پولیس کے اعلیٰ افسران سے ریزو پولیس کی دوبارہ مارکیٹوں میں تعیناتی کا مطالبہ کیا۔ جس پر ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جی ساؤتھ پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ وہ تاجروں کے تحفظات کا مکمل احترام کرتے ہیں اور جلد ہی مارکیٹوں میں ریزو پولیس کو دوبارہ تعینات کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :