کراچی میں سپر ہائی وے پر لگنے والی ایشیا ء کی سب سے بڑی مویشی منڈی دنیا بھر میں ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے، گورنر سندھ

گذشتہ برس کی نسبت شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے جس سے توقع کی جارہی ہے کہ اس بار بڑی تعداد میں افراد مویشی منڈی کا رخ کریں گے ، ڈاکٹر عشرت العبادخان

منگل 4 اگست 2015 22:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ گذشتہ ایک دہائی کی مسلسل کاوشوں کے باعث کراچی میں سپر ہائی وے پر لگنے والی ایشیا ء کی سب سے بڑی مویشی منڈی دنیا بھر میں ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے ہر برس یہ مویشی منڈی مزید بہتری کی طرف گامزن ہے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ امسال مویشی منڈی میں آن لائن خریداری کا نظام بھی متعارف کرایا جائے تاکہ خریداری میں مزید آسانی ہوسکے ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس کی نسبت شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے جس سے توقع کی جارہی ہے کہ اس بار بڑی تعداد میں افراد مویشی منڈی کا رخ کریں گے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہونگے لہٰذا عوام کو مویشی منڈی میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

وہ گورنر ہاؤس میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلا س سے گفتگو کررہے تھے ۔

اجلاس میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید، سیکریٹری اختر غوری، سیکریٹری داخلہ،سیکریٹری بلدیات، اسٹیشن کمانڈر ملیر،کنٹونمنٹ ایگزیکٹیو آفیسر ملیر، 5 کو ر کے نمائندے، ایڈیشنل آئی جی پولیس، ڈپٹی ڈی جی رینجرز،اے آئی جی ٹریفک،منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیورج بورڈ ، ڈی آئی جی ایسٹ پولیس، ڈپٹی کمشنر ملیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔

گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ مویشی منڈی میں ویٹنری اسپتال قائم کیا جائے جہاں جانوروں کے علاج کی سہولیات مفت فراہم کیا جائیں ماضی میں میڈیکل سرٹیفکیٹ کے عوض ہزاروں روپے وصول کئے جاتے تھے جس سے جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا تھا جو کہ عوام کو بھرنے پڑتے تھے ۔اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈ کے نمائندے نے بتایا سپر ہائی وے پر قائم ہونے والی ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی 700 ایکڑ رقبے پر محیط ہو گی جو کہ ہائی وے کے ایک جانب قائم کی جائے گی مویشی منڈی میں جدید مواصلاتی نظام ، بین الاقوامی طرز کے فورڈ کوٹ جس میں معروف برینڈز کی نمائندگی ہو گی ، ویٹنری اسپتال اور انٹرنیٹ وائی فائی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے ،پانی فراہمی کے لئے دو ہائی ڈرینڈز مخصوص کئے جائیں گے جہاں سے ٹینکروں کے ذریعے 24 گھنٹے پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ بجلی کی فراہم کے لئے جنریٹرزبھی لگائیں جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ مویشی منڈی کی سیکیورٹی فوج اور رینجرز کی ذمہ داری ہو گی، آمد و رفت کے راستوں پر پولیس تعینات ہو گی جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر رینجرز اور پولیس کا گشت بھی جاری رہے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ مویشی منڈی میں بچوں کی تفریح کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے امسال گذشتہ برس کی نسبت چونکہ زیادہ افراد مویشی منڈی کا رخ کریں گے جس پیش نظر کا رپارکنگ کے وسیع انتظامات کے ساتھ ساتھ پارکنگ فیس بھی ختم کردی ہے ۔

انہوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ مویشی منڈی میں اے ٹی ایم مشین نصب کی جائیں گی اور مویشی منڈی کے قریب بنک برانچز بھی 24 گھنٹے کھلی رہیں گی اس ضمن میں مختلف بنک پری پیڈ کارڈ متعارف کرارہے ہیں جس سے عوام کو بھاری رقوم لیکر مویشی منڈی آنے کی ضرورت نہیں رہے گی کیونکہ خصوصی کارڈز سے بنک سے رقوم حاصل کی جاسکے گی۔