حکومت نے ملک میں سماجی اقتصادی ترقی کیلئے شرح آبادی میں اضافے پر قابو پانے کا عزم کر رکھا ہے

وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال کا پاپولیشن کنٹرول پر قومی مشاورتی فورم سے خطاب

منگل 4 اگست 2015 22:04

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں سماجی اقتصادی ترقی کے لئے شرح آبادی میں اضافے پر قابو پانے کا عزم کر رکھا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلہ کو مناسب تعلیم کی فراہمی، لوگوں کو بنیادی صحت کی سہولیات اور ملک میں غربت میں کمی سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔

18 ترمیم کے بعد محکمہ آبادی صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے اور وفاقی حکومت ملک میں آبادی کی شرح میں اضافے پر قابو پانے کے لئے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاپولیشن کنٹرول پر قومی مشاورتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ایشیاء میں سب سے پہلے آبادی کی منصوبہ بندی کا موثر پروگرام دیا لیکن دیگر ممالک ہماری پاپولیشن پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ہم سے آگے نکل گئے، بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے پاکستان کو توانائی اور خوراک جیسے وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

آبادی کو کنٹرول کئے بغیر ترقی کے اہداف حاصل کرنا ناممکن ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد کو روز گار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے شرح نمو سات فیصد تک لانی ہو گی۔ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں اور مرکز کے درمیان صحت، تعلیم اور آبادی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ مستند بین الاقوامی میڈیا اور اداروں کے مطابق پاکستان کی معشیت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ریکارڈ بجٹ مختص کیا ہے۔ بنیادی تعلیم کے فروغ کے لئے بھی یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :