آپریشن ”مدد“ کے تحت سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری ہے۔ پاک بحریہ

منگل 4 اگست 2015 22:04

کراچی ۔ 4 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) پاک بحریہ کے ریلیف اور ریسکیو آپریشن ”مدد“ کے تحت بدین، خیرپور، سکھر، پنو عاقل، لاڑکانہ، رانی پور اور گمبٹ میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری ہے۔ آپریشن ”مدد“ کے آغاز سے ہی پاک بحریہ کی ٹیمیں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے سول انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں بچوں اور خواتین سمیت 3 ہزار سے زائد لوگوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے انخلاء اور محفوظ مقامات تک منتقلی کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔700 سے زائد بے گھر افراد کو پاک بحریہ کی جانب سے خیرپور میں قائم کردہ خیمہ بستی میں رہائش، خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ سجاول، بدین اور پنو عاقل میں بھی ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ پنجاب اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کی جانب سے امدادی اشیاء جمع کرنے اور تقسیم کرنے کا کام جاری ہے۔ منگل کو پنو عاقل کے علاقے میں کمانڈر پاکستان میرینز کی طرف سے پنو عاقل کے سیلاب متاثرین میں 6 ٹن سے زائد راشن تقسیم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :