گجر نالہ پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی

منگل 4 اگست 2015 21:57

کراچی ۔ 4 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) گجر نالہ پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی افضل زیدی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی سید شجاعت حسین کی نگرانی میں گجر نالے پر قائم تمام تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ آپریشن شہر بھر میں جاری نالوں کی صفائی مہم کا ایک حصہ ہے کیونکہ نالوں پر تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا تھا اور حالیہ مون سون کی بارشوں میں ان نالوں کے بھر جانے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی تھی، گجر نالہ پر تعمیر کئے گئے ایسے مکانات کو فوری طور پر مسمار کیا گیا جن کی وجہ سے مشینوں کے ذریعے نالہ کی صفائی ممکن نہیں تھی یا رکاو ٹ کا باعث بن رہی تھیں، ان تعمیرات کو مسمار کرنے کے بعد مشینوں کے ذریعے نالے کی صفائی شروع کردی گئی تاکہ پانی کے بہاؤ میں آسانی پیدا ہو سکے ان نالوں کی صفائی کا کام مسلسل جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متاثرین کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم پولیس کی بھاری نفری نے تجاوزات قائم کرنے والوں کی اس کوشش کو ناکام بنادیا۔ واضح رہے کہ تجاوزات کے باعث گجر نالے کی صفائی ممکن نہیں تھی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد شیخ محمد رفیق، اسسٹنٹ کمشنر گلبرک ٹاؤن سمیر احسن، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع وسطی، سپرنٹنڈنگ انجینئر وسطی اقبال احمد خان، ڈائریکٹر سید غوث اور ندیم حیدر کے علاوہ محکمہ لینڈ کے افسران بھی موجود تھے۔