راوی میں متوقع سیلاب سے ہونے والے کٹاؤ سے آبادیوں کو بچانے کیلئے گائیڈسپرتعمیرکیے جا رہے ہیں‘کمشنر

منگل 4 اگست 2015 21:43

چیچہ وطنی ۔ 04 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن عظمت محمود نے کہا ہے کہ حکومت دریائے راوی میں متوقع سیلاب سے ہونے والے کٹاؤ سے آبادیوں کو بچانے کیلئے گائیڈ سپر تعمیر کیے جا رہے ہیں جن پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے گی ۔ضلع اوکاڑہ میں چاکر اور ضلع ساہیوال میں داد بلوچ کے مقامات پر گائیڈ سپر کی تعمیر جاری ہے ۔

جبکہ شیخ طیب اور امیر پور کی آبادیوں کو بچانے کیلئے سکیم کو جلد منظور کر لیا جائے گا ۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس کے علاوہ مختلف محکموں کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ایس ای لوئر باری دوآب میاں نثار اکبر نے بتایا کہ دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے جس سے کسی بھی آبادی کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ۔کمشنر عظمت محمود نے ہدایت کی کہ تمام جگہوں پر جاری کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے اور چاکر اور داد بلوچ پر جاری کام کو اسی ماہ مکمل کیاجائے ۔انہوں نے قطب شہانہ پل کی تعمیر کی وجہ سے گاؤں کو درپیش خطرے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ایس ای کو ہدایت کی کہ دریا کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری منصوبہ تیار کیا جائے ۔

اجلاس میں کمشنر نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی وہ ایسے تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں جن سے عوام کی کثیر تعداد کو جلد فائدہ ہو ۔انہوں نے تمام منصوبوں پر کام کے معیار کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبوں پر جاری کام کا وہ خود بھی معائنہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :