ڈی سی اوکا نکاسی آب کا جائزہ لینے کے لئے رحیم یارخان شہرکے مختلف مقامات کا اچانک دورہ

منگل 4 اگست 2015 21:40

رحیم یار خان ۔ 04 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) ڈی سی او رحیم یار خان کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال نے نکاسی آب کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے ٹی ایم اے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے داؤد ، عباسیہ،بلجیئم انڈر پاس سمیت لکڑ منڈی چوک، وائرلیس پُل، اڈا گلمرگ، جناح پارک و دیگر مقامات کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ٹی ایم اے کی جانب سے صفائی و سیوریج انتظامات میں کچھ بہتری پائی۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے باعث زیر آب آنے والے نشیبی علاقوں سے پانی کا انخلاء فوری یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے عوام کی سہولت کے لئے ہیلپ ڈیسک بنائے اور اس کا نمبر تمام اہم مقامات پر آویزاں کیا جائے اور عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے واضح طور پر تمام تحصیلوں کے ٹی ایم اوز کو ہدایات دیں کہ شہریوں کو سیوریج مسائل سے چھٹکارہ دلایا جائے اور اس سلسلہ میں اگر کوئی پریشانی یا وسائل کی کمی کا سامنا ہے تو اس سے آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ ٹی ایم اے عملہ کی حاضری یقینی بنائی جائے اور تمام شہری ودیہی یونین کونسلز میں یکساں صفائی ستھرائی کا نظام متعارف کرایا جائے۔انہوں نے ریلوے اسٹیشن سے ملحقہ گودام روڈ کو بھی فوری طور پر صاف کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہر کی گنجان آبادیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اور گلی، محلوں میں موجود سیوریج مسائل کا مستقل بنیادوں پر حل نکالا جائے۔ اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اپنا مکمل تعاون فراہم کرے گی۔