بھارت سابق فوجیوں کومقبوضہ کشمیر میں بسا کر آبادی کا تناسب بدلنے کی سازش کر رہا ہے: جماعةالدعوة

منگل 4 اگست 2015 21:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) جماعةالدعوة سیاسی امور کے کوآرڈینیٹر اور تحریک آزادی جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل حافظ خالد ولید نے کہا ہے کہ بھارت سابق فوجیوں کو جموں کشمیر میں بسا کر آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ کشمیری قوم ہندوستانی حکومت کی ان کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انڈیا نے آٹھ لاکھ فوج کے بل بوتے پر جموں کشمیرپر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔

کشمیری عوام کسی صورت بھارت کا وجود اپنی سرزمین پر برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اور مسئلہ کشمیر پر اس کی باقاعدہ قرادادیں موجود ہیں لیکن اس کے باوجودانڈیا ہٹ دھرمی اختیا ر کرتے ہوئے کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھارہا ہے اوریواین کی قراردادوں کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس کی شروع دن سے کوشش رہی ہے کہ کسی طرح یہاں آبادی کا تناسب تبدیل کیا جائے تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر پر اپنا قبضہ مستحکم کر سکے۔ آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی کوششوں کا عالمی انسانی حقوق کے اداروں کوضرور نوٹس لینا چاہیے اور بھارت سرکار کو اس مذموم عمل سے باز رکھنا چاہیے۔ حافظ خالد ولید نے کہاکہ کشمیر ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے‘ مظلوم کشمیریوں کو بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

پاکستانی قوم تحریک آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ قدم سے قدم اور کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ بھارت نے ہر حربہ آزما کر دیکھ لیا لیکن اسکے باوجود کشمیریوں کے عزم و حوصلہ میں کمی نہیں آسکی۔ حکمران کشمیری و پاکستان قوم کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں اور مضبوط کشمیر پالیسی وضع کی جائے تاکہ مظلوم کشمیری بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان عالمی برادری کو کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے آگاہ کرنے کیلئے پوری دنیا میں موجود اپنے سفارتخانوں کو متحرک کرے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیر میں ظلم و تشدد کا سلسلہ بند کرے جب تک بھارتی فوج کشمیر میں موجود رہے گی جنوبی ایشیا میں کسی صورت امن قائم نہیں ہوسکتا۔ہندوستان کو یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ وہ طاقت و قوت کے بل بوتے پرجموں کشمیر پر زیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔

متعلقہ عنوان :