ژوب میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تقریباً دو ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ، میر عبدالکریم نوشیروانی

تین فلڈ پروٹیکشن بند ٹوٹ گئے ہیں ، تمام فصلیں تباہ ہو کر رہ گئی ہیں ، رکن صوبائی اسمبلی تباہ کاریوں کے تدارک کیلئے اقدامات نہ اُٹھائے گئے تو ژوب کے لوگوں کو مزید مالی نقصانات اُٹھانے پڑیں گے،صحافیوں سے بات چیت

منگل 4 اگست 2015 20:30

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ژوب میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تقریباً دو ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے تین فلڈ پروٹیکشن بند ٹوٹ گئے ہیں اور تمام فصلیں تباہ ہو کر رہ گئی ہیں تقریباً پندرہ سے بیس گاؤں سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں جبکہ دھانہ سر روڈ بیس روز سے بند پڑا ہے اور پانچ سو سے زائد گاڑیاں اس روڈ پر پھنسی ہوئی ہیں۔

یہ بات انہوں نے ژوب کے مختلف علاقوں کے دورے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ژوب، قبائلی عمائدین اور مسلم لیگ (ق) کے عہدیداران اور کارکن بھی موجود تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر فلڈ پروٹیکشن بند جو ٹوٹ گئے ہیں ان کی تعمیر کا کام شروع کرے اگر فوری طور پر اس طرف توجہ نہ دی گئی تو بڑی آبادی ڈوبنے کاخطرہ لاحق ہے اسی طرح دھانہ سر روڈ جو کہ بین الاقوامی روڈ ہے اور تین صوبوں کو آپس میں ملاتا ہے اس کے راستے میں برج اور دیگر پل ٹوٹے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے پانچ سو سے زائد گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں لیکن حکومت اور این ایچ اے کی طرف سے خاموشی قابل تشویش ہے انہوں نے کہا کہ اس روڈ کو فوری طور پر کھولنے کیلئے اقدامات کئے جائیں کیونکہ جو گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں ان میں سبزیوں کے علاوہ فروٹ اور دیگر اشیاء خوردونوش بھی لدا ہوا ہے جو کہ خراب ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ ژوب میں واپڈا کے تقریباً پچاس کھمبے گر گئے ہیں اور بجلی کا نام و نشان نہیں ہے اور ان کی بحالی کیلئے واپڈا ابھی تک ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھا ہے اسی طرح آبنوشی کے تقریباً 45 کنویں متاثر ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ژوب میں ڈپٹی کمشنر، انتظامیہ عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے جبکہ ہمارے ورکرز بھی دن رات امدادی کاموں میں ان کا ہاتھ بٹارہے ہیں وسائل نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات ہیں لیکن اس کے باوجود انتظامیہ جس دلجوئی سے کام کررہی ہے وہ خراج تحسین کے لائق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر ان تباہ کاریوں کے تدارک کیلئے اقدامات نہ اُٹھائے تو ژوب کے لوگوں کو مزید مالی نقصانات اُٹھانے پڑیں گے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ژوب کو آفت زدہ قرار دے کر یہاں امدادی کارروائیاں تیز کرے۔