ڈیرہ اسماعیل خان میں دریائے سندھ کے بڑے سیلابی ریلے سے بچاؤ کیلئے تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات کر لئے گئے

منگل 4 اگست 2015 20:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دریائے سندھ کے بڑے سیلابی ریلے سے بچاؤ کیلئے تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات کر لئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے مطابق گزشتہ روز دریائے سندھ میں ایک بڑا سیلابی ریلہ جس کی مقدار 6لاکھ کیوسک سے ساڑھے چھ لاکھ کیوسک تک ہے گزر رہا ہے، جس کی وجہ سے سپر نمبر 18-C، 20اور 22پر بہت زیادہ دباؤتھا جہاں پر محکمہ ایریگیشن اور پی ڈی ایم اے کے اہلکار کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، تاحال کوئی نقصان نہیں ہوا اور تمام سپرز(Spurs)محفوظ ہیں تاہم کچے کے علاقے میں جھوک موہانہ، تھویا، موضع مریالی اور رتہ کلاچی کے کچہ کے علاقے میں سیلابی پانی سے مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان شہر میں گزشتہ 3دن کے دوران ہونے والی بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا تھا جس کے نکالنے کیلئے 5نئے ڈی واٹرنگ پمپس پی ڈی ایم اے فنڈز سے خرید کر متاثرہ علاقوں کو بھجوائے گئے ہیں جبکہ 7پمپس پہلے سے ہی پانی نکالنے میں شب و روز استعمال ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح ضلع ڈیرہ کی دیگر تحصیلوں کلاچی، پہاڑپور ، پروآ اور درابن میں بھی بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ آئندہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سول انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں جو حالات پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ ان ٹیموں کو ضروری مشینری جن میں Excavators، کشتیاں، بلڈوزرز اور دیگر حفاظتی ساز و سامان شامل ہیں فراہم کر دئے گئے ہیں۔

متاثرین کی امداد کیلئے گورنمنٹ ہائی سکول رمک ، ڈگری کالج پروآ اور گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1اور نمبر2کلاچی سمیت کئی مقامات پر ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں جہاں پر متاثرین کو ضروری امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ تحصیل کلاچی کیلئے 700فو ڈ پیکجز کا آرڈر یوٹیلیٹی سٹورز کو دے دیا گیا ہے، فوڈ پیکج میں آٹا، چاول ، دال، ملک پاؤڈر، گھی ، چینی اور چائے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش شامل ہیں جلد موصول ہو جائیں گے، جو کہ متاثرہ دیہاتوں کوٹ ولی داد اور جہانداد آباد میں تقسیم کئے جائیں گے۔

اس طرح تحصیل پہاڑپور کے علاقے جہاں پر گزشتہ روز پہاڑوں پر ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے موضع عمر خیل، ملی خیل، بگی قمر، چشمہ، وانڈہ خاجی والا سمیت مختلف موضعوں میں کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نثار احمد خان نے ڈی ڈی ایم او اور اے سی کلاچی سمیت متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات (ہسپتالوں اور سکولوں) میں منتقل کرنے کا حکم دیا، انہوں نے اس موقع پر عمر خیل اور ملی خیل میں 300ٹینٹ اور 150فوڈ پیکجز تقسیم کئے جبکہ مزید ٹینٹ اور فوڈ پیکجز جلد ہی اس علاقے کو فراہم کر دئے جائیں گے، جبکہ دیگر متاثرہ علاقوں کو بھی ضروری اشیاء فراہم کی جارہی ہیں اور علاقے کو محفوظ بنانے کیلئے ضروری مشینری کا بھی بندو بست کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :