سیلاب متاثرین کی بحالی اور آبادکاری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں‘جواد اکرم

ریلیف کیمپوں میں قیام پذیر سیلاب متاثرین کو انتظامیہ کی طرف سے ہر قسم کی سہولت مہیا کی گئی ہے متاثرین سیلاب سہولتوں کی عدم دستیابی کے ازالے کے لئے 1129 ہیلپ لائن پر شکایت کا اندراج کرا سکتے ہیں‘اجلاس سے خطاب

منگل 4 اگست 2015 20:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) صوبے کے سیلاب متاثرین کی بحالی اور آبادکاری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں،پی ڈی ایم اے پنجاب سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کئے ہوئے ہے اور ضلعی انتظامیہ کی ڈیمانڈ کے مطابق ان کو سامان کی ترسیل مسلسل جاری ہے -اس امر کا اظہار پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل جواد اکرم نے محکمانہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا-انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین جو ریلیف کیمپوں میں قیام پذیر ہیں کو انتظامیہ کی طرف سے ہر قسم کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں - اس سلسلے میں اگر متاثرین سیلاب کو کسی بھی جگہ کسی سہولت کی عدم دستیابی ہے تو وہ فورا اس کے ازالہ کے لئے 1129 ہیلپ لائن پر اپنی شکایت کا اندراج کراسکتے ہیں یا اپنے ڈی سی او اور اے سی کو براہ راست شکایت کر سکتے ہیں- ان کی شکایت کا ازالہ فوری طور پر کر دیا جائے گا- اب تک ریلیف کیمپوں میں رہائش پذیر متاثرین کی طرف سے 177 شکایات رجسٹرڈ ہوئیں جن کا ازالہ فوری طور پر کیا گیا جبکہ ریلیف کیمپ انتظامیہ کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا- انہوں نے کہا کہ اب تک سیلاب متاثرہ خاندانوں میں ایک لاکھ 14 ہزار فوڈ ہیمپرزتقسیم کئے جا چکے ہیں- ریلیف کیمپوں اور پانی میں گھرے گھروں میں مقیم ایک لاکھ 68 ہزار 519 لوگوں میں پکا پکایا کھانا بھی تقسیم کیا گیا-

متعلقہ عنوان :