پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کو خطرے میں ڈالا جا رہاہے ‘میاں مقصود احمد

پاکستان کی آزادی کو برقرار رکھنے کیلئے اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا ‘امیر جماعت اسلا می لاہور

منگل 4 اگست 2015 20:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی پر سوز دعاؤں ، آرزوؤں ، ایک صدی کی بے مثل قربانیوں کا مظہر اور ترجمان ہے،اس وقت پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا جس کے مقاصدمیں اسلامی نظام عدل کو فروغ دینا ، جہاں پر انسان کو امن و سلامتی ، عزت ووقار ، عدل ومساوات ، اخوت و محبت اور اسلامی نظام حکومت کا قیام تھا ،بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں کی نااہلیوں کی وجہ سے ان مقاصد کو حاصل نہیں کیا جاسکا ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو کمر تور مہنگائی ، دہشتگردی ، اقرباپروری ، خاندانی سیاست ، بے حجابی ، بے حیائی اور جبروتشدد جیسے بے شمار مسائل کا سامنا ہے ، آج ہم اغیار کے جال میں پھنس کرروشن خیالی کی دلد ل میں دھنس چکے ہیں اور ہندوانہ رسم ورواج اور طور طریقے اپنے گھروں اور معاشرے میں اختیار کر چکے ہیں اور ہماری مائیں ،بہنیں اور بیٹاں کو ہندوانہ طور طریقوں سے متاثر ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

تو پھر آزادی کے نام پر دی جانے والی عصمتوں کی قربانیوں کا کیا مقصد رہا ؟ انہوں نے کہا کہ تمام آرزوؤں کی تکمیل اور پاکستان کی آزادی کے مقاصد کو برقرار رکھنے کے لیے اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہوگا ۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کو ملک میں عام کرنا اور اسلامی نظام کو پروان چڑھانا یہی جماعت اسلامی کا مقصد ہے ۔

متعلقہ عنوان :