تاجروں کا دوسرا دھڑا ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف (کل) ملک گیر ہڑتال کے ذریعے طاقت کا مظاہرہ کریگا،ایف بی آر نے معاملے کے حل کیلئے عوام سے تجاویز مانگ لیں

کامیاب شٹرڈاؤن سے حکومت فیصلہ واپس لینے پر مجبور ہو جائیگی،ناکامی کی صورت میں مستعفی ہونے کے اعلان پر قائم ہوں ‘ خالد پرویز ہڑتال ریفرنڈم ہوگا ،حکومت کے کانوں پر جوں نہ رینگی تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ‘ خالد پرویز گروپ کے ہڑتال کی کامیابی کیلئے تاجروں رہنماؤں سے رابطے

منگل 4 اگست 2015 20:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) تاجروں کا دوسرا دھڑا بینک ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف آج ( بدھ ) کو ملک گیر ہڑتال کرے گا ،آل پاکستان گڈ ز ٹرانسپورٹرز نے بھی آج کی ہڑتال میں شامل ہونے کی یقین دہانی کرا دی ، آل پاکستان انجمن تاجران کے سربراہ خالد پرویز نے کہا ہے کہ آج تاجر اپنے اتحاد سے ایسی کامیاب شٹرڈاؤن ہڑتال کریں گے جس سے حکومت اپنا فیصلہ واپس لینے پر مجبور ہو جائے گی اور میں ہڑتال کی ناکامی کی صورت میں اپنے مستعفی ہونے کے اعلان پر قائم ہوں ،فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے ود ہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ حل کرنے کیلئے عوام سے تجاویز مانگ لیں۔

پانچ اگست کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے آل پاکستان انجمن تاجرا ن کے رہنماؤں نے گزشتہ روز مختلف مارکیٹوں کے طوفانی دوروں کے علاوہ پنجاب سمیت ملک بھرمیں بری مارکیٹوں اور بازاروں کے عہدیداروں سے ٹیلیفونک رابطے کر کے ہڑتال کے لئے قائل کرتے رہے ۔

(جاری ہے)

خالد پرویز گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی احتجاج میں شامل ہونے کا یقین دلایا ہے جبکہ تمام غلہ منڈیوں اور سبزی منڈیوں سے وابستہ تاجر بھی ظالمانہ ٹیکس کے خلاف ہڑتال کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج پر امن ہے لیکن حکومت اسے ہماری کمزوری نہ سمجھے اور ہمارے صبر کو نہ آزمایا جائے ۔ تاجروں کی آج ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال حکومت کے فیصلے کے خلاف ریفرنڈم ہوگا اور اگر اس کے بعد بھی حکومت کے کانوں پر جوں نہ رینگی تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور اس سے ہونے والے نقصان کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے جس پر ان کے شکر گزارہیں۔دوسری طرف ایف بی آر نے ود ہولڈنگ ٹیکس پر تاجروں کے تحفظات کے بعد معاملے کو حل کرنے کیلئے عوام سے تجاویز مانگ لی ہیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی تجاویز ممبران لینڈ ریو کو [email protected]پربھیج سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :