خدمت خلق کے جذبے کو اپنی ذات کا حصہ بنا کر ہم اپنی زندگی کو سہل اور آخرت کو خوبصورت بنا سکتے ہیں ‘ملک رفیق رجوانہ

انسانی تاریخ گواہ ہے جنہوں نے خدمت انسانیت کو اپنا شعار بنایا وہ مرنے کے بعد زندہ و جاوید رہے ، ہمیشہ کیلئے اپنے آپ کو امر کر گئے خصوصی بچے کسی بھی لحاظ سے صلاحیتوں کے اعتبار سے عام انسان سے کم نہیں بلکہ قدرت نے اگر ان کی کسی ایک حس میں کمی کی ہے تو کسی دوسری حس میں غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ہو تے ہیں ‘گورنرپنجاب کا تقریب سے خطاب

منگل 4 اگست 2015 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خدمت خلق کے جذبے کو اپنی ذات کا حصہ بنا کر ہم اپنی زندگی کو سہل اور آخرت کو خوبصورت بنا سکتے ہیں انسانی تاریخ گواہ ہے کہ جنہوں نے خدمت انسانیت کو اپنا شعار بنایا وہ مرنے کے بعد زندہ و جاوید رہے اور ہمیشہ کے لیے اپنے آپ کو امر کر گئے ، خصوصی افراد کو عام زندگی میں واپس لانے اور ان کی تربیت کرنے والے درحقیقت عظمت انسان کی معراج پر ہیں جو دنیا اور آخرت میں یقینا ممتاز مقام حاصل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے خصوصی بچوں کی تربیت کے ادارے رائزنگ سن ایجوکیشن اور ویلفیئر سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ، تقریب میں خصوصی بچوں کی تربیت کرنے والے ٹرینرز کو یہ احسن فریضہ انجام دینے کے لیے جدید خطوط پر تربیت کا اہتمام کیا گیا -گورنر پنجاب نے کہا کہ خصوصی بچے کسی بھی لحاظ سے صلاحیتوں کے اعتبار سے عام انسان سے کم نہیں بلکہ قدرت نے اگر ان کی کسی ایک حس میں کمی کی ہے تو کسی دوسری حس میں غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ہو تے ہیں - اگر ان کی مناسب انداز میں تربیت کی جائے تو یہ بھی اپنی ان چھپی ہوئی صلاحیتو ں کو بروئے کار لا کر معاشرے کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکتے ہیں-انہو ں نے کہا کہ ایسے والدین کو چاہیے کہ وہ خصوصی بچوں کو معذور سمجھ کر گھر میں بٹھا دینے کی بجائے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے کوشش کریں کیونکہ ان پر ذرا سی توجہ انہیں قابل فخر سپوت بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے-گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بے شمار ایسی زندہ مثالیں موجود ہیں کہ خصوصی افراد نے اپنی محنت اور لگن کے بل بوتے پر اپنی صلاحیتو ں کا لوہا منوایا ہے اور اپنے والدین او ر ملک و قوم کانام روشن کیا ہے - انہو ں نے خصوصی افراد کی تربیت کرنے والے ٹرینرکے کردار کو زبردست الفا ظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کی تربیت کے لیے یقینا انہیں کئی گنا زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے لیکن ان کی یہ تربیت انہیں دونوں جہانوں میں سرخرو کرے گی-انہوں نے عام افراد پر بھی زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور لڑکھڑاتے ان خصوصی بچوں کا ہاتھ تھامیں کیونکہ ان کا ذرا سا سہار ا ان کی زندگی کو سہل اور کارآمد بنا سکتا ہے-انہو ں نے خصوصی بچوں کی تربیت اور بحالی کے سلسلے میں رائزنگ سن کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے ادارے کو جنو بی پنجاب کے دورافتادہ علاقوں میں خصوصی بچوں کی تربیت کے لیے قدم اٹھانا چاہیے، حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی-تقریب سے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر عبدالتواب خاں اور دیگر مقررین نے خطاب کیا اور ادارے کی کارکردگی اورسرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں محترمہ حمیدہ وحیدالدین نے گورنرپنجاب کو ویمن پیکج 2012اور2014کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری خواتین نے زندگی کے میدان میں اپنا لوہا منوایا ہے اور آج کے دَور کی صنفِ نازک صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی بھی طرح مردوں سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی ترقی اور انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ خواتین کی فلاح کے لئے جتنے منصوبے اس دَور میں شروع کئے گئے ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ اس موقع پروزیر برائے ترقی خواتین پنجاب محترمہ حمیدہ وحیدالدین نے خواتین کی ترقی اور فلاح و بہبود کے حوالے سے کئے جانے والے حکومتی اقدامات کے بارے میں گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ویژن کے مطابق خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنا کر قومی معیشت کو مضبوط بنایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :