جماعۃالدعوۃ نے چار ہزار سے زائدسیلاب متاثرہ خاندانوں میں خشک راشن پیک تقسیم کر دیئے

منگل 4 اگست 2015 19:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء)جماعۃالدعوۃ نے چار ہزار سے زائدسیلاب متاثرہ خاندانوں میں خشک راشن پیک تقسیم کر دیئے۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف اور ترجمان جماعۃالدعوۃ محمد یحییٰ مجاہد نے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورامدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈی جی خاں، مظفر گڑھ، لیہ، راجن پور اور چترال سمیت سندھ کے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کئے جانے والے راشن پیک میں آٹا، چاول، گھی، چینی، دالیں اور دیگر اشیائے خورونوش شامل ہیں۔

ایف آئی ایف کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف خود متاثرین کے گھروں میں جاکر راشن تقسیم کرتے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے معمولات زندگی بحال ہونے تک امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے بتایاکہ چترال میں پچھلے چند دنوں میں سیلابی ریلوں سے مزید تباہی ہوئی ہے اور لوگوں کے گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس پر ایف آئی ایف کی امدادی و ریسکیو ٹیمیں رمبور، ایون اور ملکوجیسے علاقوں میں جاکر ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

متاثرین میں خشک راشن کے ساتھ ساتھ صاف پانی ، پکا پکایا کھانا اور میڈیکل کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں خشک راشن کی تقسیم کا سلسلہ مزید تیز کیا جارہا ہے اور رضاکار مقامی افراد کے ساتھ مل کر گھر گھر جا کر سروے کر رہے ہیں تاکہ متاثرین تک صحیح معنوں میں امداد پہنچائی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ مظفر گڑھ، لیہ اور راجن پور میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ روزانہ سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جارہا ہے اور کشتیوں کی مدد سے مختلف ٹیلوں اور حفاظتی بندوں پرپناہ لئے متاثرین تک نا صرف کھانا پہنچایا جارہا ہے بلکہ میڈیکل ٹیمیں انہیں طبی سہولیات بھی مہیا کر رہی ہیں۔