جنرل ہسپتال ایمرجنسی وارڈ میں دستیاب سہولیات کی اپ گریڈیشن کیلئے کمیٹی قائم

مریضوں کے لواحقین کے لیے شیڈ کی تعمیر، اور پرچی سسٹم کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا‘ پروفیسر خالد محمود

منگل 4 اگست 2015 19:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر خالد محمود نے جنرل ہسپتال ایمرجنسی وارڈ میں دستیاب سہولیات کی اپ گریڈیشن، مریضوں کے لواحقین کے لیے شیڈ کی تعمیر، اور پرچی سسٹم کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے ڈاکٹر تنویر انور کی سربراہی میں آٹھ رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ پروفیسر خالد محمود نے کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ تین یوم کے اندر اندر مذکورہ اہداف کے حصول کے سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کریں۔

انہوں نے کہاکہ ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کا رش زیادہ ہونے کی وجہ سے ان کے لواحقین بھی بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں۔ اکثر اوقات ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس کو مریضوں کے علاج معالجے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لواحقین کے بیٹھنے و آرام کے لیے ایمرجنسی وارڈ سے ملحقہ شیڈ تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں سیریس مریضوں کا پرچی بنائے بغیر فوری علاج شروع کرنا ضروری ہوتا ہے کیونکہ پرچی سے زیادہ مریض کی زندگی اہم ہے۔

اس مقصد کے لیے پرچی سسٹم کو فوری طور پر کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے۔ پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کے ہیلتھ ویژن کی روشنی میں جنرل ہسپتال انتظامیہ مریضوں کو تمام طبی و تشخیصی سہولیات کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ اس سلسلے میں اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس رات کے اوقات میں بھی ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈ وں کا راؤنڈ کرکے مریضوں کے مسائل حل کیا کریں گے۔کمیٹی کے ارکان میں ڈاکٹر حماد ناصر، ڈاکٹر شیراز انجم، ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر مدثر صدیق، ڈاکٹر تحسینہ ظفر، ڈاکٹر شاہد میو اور ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ فرحت محبوب شامل ہیں۔