سیلاب متاثرین میں ابتک19600خیمے اور114000فوڈ ہیمپرز تقسیم کئے جا چکے ہیں‘پی ڈی ایم اے

1240ریلیف کیمپوں میں 15945افراد قیام پذیر ہیں‘ایک لاکھ56ہزارسے زائد لوگوں کو ریسکیو کیا گیا ہے

منگل 4 اگست 2015 19:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ6اضلاع کے سیلاب متاثرین میں ابتک19600خیمے ،114000فوڈ ہیمپرز ،72000بوتل منرل واٹر،15550مچھر دانیاں اور 10050پلاسٹک میٹ تقسیم کئے جا چکے ہیں ، اس حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اضلاع کی انتظامیہ کی طرف سے ابتک ایک لاکھ8ہزار519متاثرین سیلاب کو تینوں وقت کا کھانا مہیا کیا جا چکا ہے ۔

متاثرہ اضلاع کے 1240ریلیف کیمپوں میں 15945افراد قیام پذیر ہیں جبکہ اب تک ایک لاکھ56ہزار43لوگوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔دریں اثناء ڈی سی او خوشاب ضیا الرحمن نے بتایا ہے کہضلع خوشاب کے پہاڑی برساتی نالوں میں بارشوں کی وجہ سے تحصیل قائد آباد کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوا ۔انتظامیہ نے نشیبی علاقوں سے آبادی کا انخلاء کراکے اسے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او رحیم یار خان کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے کہا ہے کہ تحصیل خان پور سمکہ بند کے قریب متاثرین سیلاب میں راشن کی تقسیم کا عمل باقاعدگی سے جاری ہے ۔ڈی سی او راجن پور ظہور حسین نے بتایا ہے کہ دریائے سندھ میں کوٹ مٹھن کے مقام پر پانی کی سطح میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے ۔دریائے سندھ میں پانی کی بلند سطح کی وجہ سے رو د کوہی کا پانی دریا میں جانے کی بجائے عاقل پور کے نشیبی علاقہ میں آیا ۔متاثرہ آبادی کو محکمہ جنگلات کی اراضی پر منتقل کرکے خیمے ،راشن او رپینے کا صاف پانی مہیا کر دیا گیا ہے۔اے ڈی سی ڈی جی خان محبوب احمد نے کہا کہ جھکڑ امام شاہ میں کوئی نیا شگا ف نہیں ہوا ہے ،پانی کو پہلے ہی دریا کی طرف موڑا جا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :