صوبے کے وزیر اعلیٰ کو ہر دوسرے روز دبئی طلب کرنا گڈ گورننس نہیں جمہوریت کے نام پر عوام سے مذاق ہے ‘ ڈاکٹر صفدر عباسی

پارٹی کی غیر مقبولیت آخری حدوں کوچھونے کے باوجود بلاول بھٹو کا اصلاح کیلئے عملی اقدام نہ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے‘ صدر پیپلزپارٹی ورکرز

منگل 4 اگست 2015 19:39

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹرصفدر عباسی نے کہا ہے کہ صوبے کے وزیر اعلیٰ کو ہر دوسرے روز دبئی طلب گڈ گورننس نہیں بلکہ جمہوریت کے نام پر عوام سے مذاق ہے ، پارٹی کی غیر مقبولیت آخری حدوں کوچھونے کے باوجود بلاول بھٹو کا اصلاح کے لئے عملی اقدام نہ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے ،جیالے آج بھی بھٹو شہید اور بی بی شہید کے نظریات کی حفاظت کر رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے انہیں کسی خاطر میں نہیں لایا جارہا ۔

گزشتہ روز ’’ اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نام نہاد قیادت جس طرح کے اقدامات اٹھا رہی ہے اس سے پارٹی تقویت پکڑنے کی بجائے تنزلی کی جانب گامزن ہے ۔

(جاری ہے)

صوبے کے وزیر اعلیٰ کو آئے روز دبئی طلب کرنا کہاں کی گڈ گورننس ہے اس سے عوام میں پیپلز پارٹی کے بارے میں منفی تاثر پایا جارہا ہے۔

اگر سندھ حکومت کی مقبولیت میں اضافہ کرنا ہے تو حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کو اپنا شعار بناناہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے کروڑوں نظریاتی کارکن آج بھی بلاول بھٹو کی طرف دیکھ رہے ہیں اور انکے مستقبل کے واضح اعلان کے منتظر ہیں ۔ بلاول بھٹو نے اپنے نانا اور والدہ کی سیاسی میراث کو لے کر چلنا ہے تو انہیں بیرون ملک اور محلات میں بیٹھ کر فیصلے کرنے کی بجائے کارکنوں اور عوام کے درمیان آنا ہوگا ۔