پاکستانی گلوکارعدنان سمیع خان کوانسانی ہمدردی کی بنیادپر غیر معینہ مدت تک کے لیے بھارت میں رہنے کی اجازت مل گئی

عدنان سمیع خان کو غیر ملکیوں کے قانون برائے 1946کے سیکشن 3کے تحت ملک سے بے دخلی سے مستثنیٰ قرار دیدیا گیا ‘بھارتی وزارت داخلہ

منگل 4 اگست 2015 19:39

پاکستانی گلوکارعدنان سمیع خان کوانسانی ہمدردی کی بنیادپر غیر معینہ ..

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) پاکستانی گلوکارعدنان سمیع خان کوانسانی ہمدردی کی بنیادپر غیر معینہ مدت تک کے لیے بھارت میں رہنے کی اجازت مل گئی ۔ایک رپورٹ کے مطابق منسٹر آف اسٹیٹ برائے داخلہ کرن ریجیجو نے ہندوستانی لوک سبھا کو بتایا کہ عدنان سمیع خان کو غیر ملکیوں کے قانون برائے 1946کے سیکشن 3کے تحت ملک سے بے دخلی سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 46سالہ عدنان سمیع خان نے رواں برس 26مئی کو بھارتی وزارت داخلہ میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر بھارت میں قیام کی درخواست کی تھی۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق غیر ملکیوں کے قانون برائے 1946کے سیکشن 3اے کے تحت عدنان سمیع خان کو ڈی پورٹیشن کے عمل سے استنیٰ دے دیا گیا ہے اور یہ حکم اس وقت تک نافذ رہے گا جب تک اس حوالے سے دوسرے احکامات جاری نہ کیے جائیں۔

(جاری ہے)

1969ء میں لندن میں پیدا ہونے والے عدنان سمیع پاکستانی سفارت کار ارشد سمیع اور بھارتی نژاد نورین خان کے بیٹے ہیں۔عدنان 13مارچ 2001کو ایک سالہ ویزے کے ساتھ بھارت آئے اور بعد ازاں وقتا فوقتا اپنے ویزے کی مدت بڑھاتے رہے۔27مئی 2010کو جاری کیے گئے ان کے پاکستانی پاسپورٹ کی مدت 26مئی 2015کو ختم ہوگئی جسے حکومت پاکستان کی جانب سے از سر نو جاری نہیں کیا گیا جس کے بعد انہوں نے بھارت حکومت سے بھارت میں اپنے قیام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانونی قرار دینے کی درخواست کی۔عدنان سمیع نے میوزک انڈسٹری کو کبھی تو نظر ملا، تو صرف میرا محبوب، عشق ہوتا نہیں سبھی کے لیے اور گیلا گیلا گیلا ' جیسے مشہور گانے دیئے ۔

متعلقہ عنوان :