وفاقی وصوبائی حکومت پولیس کی کارکردگی بہتربنانے میں بری طرح ناکام رہی ہیں

جماعت اسلامی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر کا بیان

منگل 4 اگست 2015 19:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پنجاب و پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے صوبے میں تھانہ کلچرکی تشویشناک صورتحال پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبے میں جرائم کی شرح دن بدن بڑھتی جارہی ہے،موجودہ وفاقی وصوبائی حکومت ملک بھر میں بالخصوص پنجاب میں پولیس کی کارکردگی بہتربنانے میں بری طرح ناکام رہی ہیں۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک عام شریف آدمی اپنے ساتھ کسی قسم کی واردات ہوجانے کی صورت میں تھانے جانے سے ڈرتاہے۔لاہور ہائی کورٹ نے تھانوں میں کلوزسرکٹ ٹی وی کیمرے لگانے کا حکم دیا ہے اس سے بھی کچھ نہیں ہوگا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیر اعلیٰ تھانہ کلچر کوتبدیل کرنے کیلئے اصلاحات کریں اور محکمے سے کالی بھیڑوں کوفارغ کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایس ایچ اوز خود کو علاقے کابادشاہ سمجھتے ہیں اوران کی ہی سرپرستی میں جرائم پیشہ عناصرمعاشرے میں بگاڑ پیداکرتے ہیں۔جن علاقوں کے ایس ایچ اوزکی کارکردگی خراب ہے انہیں فی الفور فارغ کرکے نئے اور ایماندارلوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پہلے دور حکومت میں پولیس کے مثبت رویے اور تھانہ کلچرکوبدلنے کااعلان کیاتھا مگر تنخواہوں میں خاطرخواہ اضافہ کرنے اور مراعات دینے کے باوجود صورتحال بہتر نہیں ہوئی۔

جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ پولیس کاکام عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنا ہے مگر بدقسمتی سے صوبے میں تھانے کے تھانے بکتے ہیں۔پولیس افسران سے لے کر نیچے تک رشوت خوری عام ہے۔جرائم پیشہ عناصر رشوت دے کر آزاد دندناتے پھرتے ہیں ۔ محکمہ پولیس سے عوام کا اعتمادمکمل طور پراٹھ چکا ہے۔آئے روزپولیس مقابلے بھی تھانوں کی کارکردگی پر بڑاسوالیہ نشان ہیں۔