ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا

پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک کابیان

منگل 4 اگست 2015 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء)پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے افواج پاکستان اورسیکیورٹی اداروں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ،ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا دہشت گردوں کیساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو پہنچا ہے مگر پاکستان کی وہ حوصلہ افزائی نہیں ہوئی جسکا وہ مستحق تھا ،مذہب کے نام پر انتہا پسندی پوری قوم کیلئے باعث تشویش ہے جس سے اسلام اور پاکستان کاتشخص بری طرح مجروح ہوا،اسلام دشمن قوتیں ڈالروں کی چمک سے مسلمانوں کو آپس میں لڑوا کر عالمی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے سرگرداں ہیں،اگر ہم نے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے تو ہمارا ﷲ ہی حافظ ہوگا،انہوں نے کہا ہم امریکہ اور بھارت کیخلاف دھواں دار تقریریں تو کرتے ہیں مگرفرقہ وارایت کے خاتمہ کیلئے ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھتے ،اسلام دشمن قوتوں کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنانے کیلئے امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑیگا۔