صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا کرتے ہوئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے،متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرکے انکی بحالی کے کام کو تیز کیا جائے

قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤکا اجلاس سے خطاب

منگل 4 اگست 2015 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی دکھوں کا مداوا کرتے ہوئے حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے، صوبہ بھر میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے متعدد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی لاتعداد مکانات،باغات ،کھڑی فصلیں اور کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرکے ان کے بحالی کیلئے کام تیز کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز وطن کور میں کیو ڈبلیو پی ضلع مردان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری طارق احمد خان،سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ اسد آفریدی ایڈوکیٹ،پشاور زون کے سیکرٹری جنرل کفایت علی خان ایڈوکیٹ اورپشاور زون کے سینئر وائس چیئرمین غفار خان مہمند کے علاوہ ضلع مردان کے پارٹی رہنماء اور عہدیدار بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور پر سیر حاصل بحث کی گئی اور پارٹی کو نچلی سطح سے منظم و فعال بنانے کیلئے کام تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی نمائندہ اور جمہوری جماعت ہے اور یہاں کے مسائل و مشکلات اجاگر کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔سکندرشیرپاؤ نے صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر ناراضگی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود صوبے میں لوڈ شیڈنگ معنی خیز ہے۔

پختونوں کو جاری بحرانوں سے نکالنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام کی نظریں قومی وطن پارٹی پر لگی ہوئی ہیں کیونکہ ہماری جماعت ہی پختونوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے جوان کے حقوق وبہبود اور تحفظ کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھا رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :