کراچی، وفاقی وزیر خزانہ کا ودہولڈنگ ٹیکس پرتاجروں کے تحفظات دورکرنے کا اعلان خوش آئندہے ،یونائیٹڈ بزنس گروپ

منگل 4 اگست 2015 18:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی سیکریٹری جنرل زبیرایف طفیل ِ ، یو بی جی سندھ کے صدر خالد تواب، جنرل سکریٹری مرزا اختیار بیگ اور ترجمان گلزار فیروز نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اورایف بی آر کے چیئرمین طارق باجوہ کی جانب سے ودہولڈنگ ٹیکس پرتاجروں کے تحفظات دورکرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے ذریعہ تمام تر مسائل کاخاتمہ ممکن ہے،بزنس کمیونٹی کا کوئی فرد ایسا نہیں جو حکومت کو ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنا چاہتا ہو اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ سے ہی ملکی معاشی ترقی ممکن ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اور تاجر ایک میز پر بیٹھ کر مسائل کو حل کریں۔

زبیرطفیل نے کہا کہ اس وقت ہمیں عالمی سطح پردوسرے ممالک سے مسابقت کیلئے موثر انداز میں حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے،ہمیں اپنے معاشی معاملات کو تحقیق کے خطوط پر استوار کرنا ہوگا تاکہ دنیا میں تیزی سے بڑھتے چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے گا اور برآمدات کو بڑھایا جاسکے ، جس کے لئے TDAP کے چیف ایگزیکٹیو، ایس ایم منیر صا حب دن رات محنت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ودہولڈنگ ٹیکس کے مسئلے پر تاجرنمائندوں سے ایک بار پھر بات چیت سے کشیدگی کا خاتمہ ہوگااور حکومت وتاجروں میں تصادم کی صورتحال ختم ہوسکے گی۔نائٹیڈ بزنس گروپ کے رہنماؤں نے سیلاب سے زمینداروں،کاشتکاروں اور تاجروں کو ہونے والے نقصانات کے حوالے سے کہا کہ اس وقت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تباہی نے نہ صرف زرعی زمینوں اور باغات کوشدید نقصان پہنچایا ہے بلکہ بہت سی فصلیں متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔

گلزار فیروز نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار متاثر ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوگیا منافع خوروں نے بھی موقع غنیمت جانا اور دونوں ہاتھوں سے پیسے سمیٹنے کے لیے سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں میں مرضی کے اضافے کر دئیے ہیں،منافع خوروں کی من مانیاں اپنی عروج پر ہیں اور یہ وہ مسائل ہیں جن پر پہلے توجہ دینے اور روک تھام کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :