چینی سرمایہ کاری سے بے روزگاری کا خاتمہ اور جدید کاٹن انڈسٹری کو فروغ ملے گا‘ڈاکٹر فرخ جاوید

جنوبی پنجاب میں یہ دنیا کا جدید ترین کاٹن فیکٹری پلانٹ ہے،کسانوں کو پھٹی کا بہتر معاوضہ مل سکے گا‘وزیر زراعت پنجاب حکومت پنجاب کے شکرگزار ہیں جن کے تعاون سے پراجیکٹ کی تکمیل ہوئی؛ اگلے ماہ فیکٹری کا م شروع کر دے گی‘چیئر مین لی یمن

منگل 4 اگست 2015 18:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں چین کی سرمایہ کاری سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی اور جدید کاٹن انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے یہ بات یہاں چین کی طرف سے مخدوم عالی ضلع لودھراں میں جدید کاٹن جننگ اینڈ پریسنگ فیکٹری کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔

اس موقع پرسپیشل سیکرٹری زراعت سید گلزار حسین شاہ ، چینی جدید کاٹن فیکٹری پھٹی انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈکے چیئر مین مسٹر لی یمن، ڈائریکٹر مسٹر ین اور اسسٹنٹ یی یی شن، ای ڈی او زراعت گلزار احمد خلجی، کاٹن کے کاشتکار اور جنرز موجود تھے۔ صوبائی وزیراس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں یہ دنیا کا جدید ترین کاٹن فیکٹری پلانٹ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کے تعاون سے چینی کمپنی جنوبی پنجاب میں ایسے مزید پلانٹ لگا رہی ہے جس سے خطے کی پسماندگی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ چیئر مین مسٹر لی نے اس موقع پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کے تعاون سے ہم ا س پراجیکٹ کی تکمیل میں کامیاب ہوئے ہیں اور اگلے ماہ فیکٹری کا م شروع کر دے گی۔ انہوں نے کہاکہ کاٹن فیکٹریوں میں جدید پلانٹ نصب کرنے سے کاٹن کی کوالٹی بہتر ہو گی اور کسانوں کو بھی اُن کی پھٹی کا بہتر معاوضہ مل سکے گا۔

ڈاکٹر فرخ جاوید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چینی سرمایہ کاری اور مہارت اس علاقے میں آنے سے نا صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ کاٹن کی صنعت کو بھی گراں قدر فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہاکہ ایسے جدید پلانٹ سے کاروبار کرنے کی مثالی روایت قائم ہو رہی ہے جسے برقرار رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :