میٹرک امتحان کی پوزیشن ہولڈرہونہار پاکستانی سکھ طالبہ رنبیرکور نے بھارتی امداد ٹھکرا دی

وقف املاک بورڈ کا ایک لاکھ روپے انعام اور تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان،مودی سرکار اپنے بھوکے عوام کے مسائل حل کرے،طالبہ کے والدین کی پریس کانفرنس

منگل 4 اگست 2015 18:25

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) ننکانہ صاحب کی سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی طالبہ رنبیر کور کے والدین نے بھارتی حکومت کی طرف سے مالی امداد کی پیشکش ٹھکرا دی ۔بھارتی حکومت کو اپنے بھوکے عوام کے مسائل حل کرنے کا مشورہ، جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے ذہین طالبہ کیلئے ایک لاکھ روپے کی انعامی امداد اور آئندہ تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کردیاگیا،تفصیلات کے مطابق گوردوارہ جنم استھان کے ہیڈ گرنتھی گیانی پریم سنگھ کی ہونہار بیٹی رنبیر کور کی طرف سے میٹرک امتحانات 2015ء میں 1035 نمبر حاصل کر کے اقلیتی برادری میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جس پر بھارتی شرومنی کمیٹی کی طرف سے طالبہ کیلئے 51 ہزار روپے کی انعامی امداد کا اعلان کیا گیا تھا جسے طالبہ کے والدین نے گزشتہ روز شکریہ کے ساتھ ٹھکرا دیا۔

(جاری ہے)

گوردوراہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گیانی پریم سنگھ اور پاکستان سکھ گوردوراہ پربندھک کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سردار گوپال سنگھ چاولہ نے کہا کہ رنبیر کور نے میٹرک میں شاندار کامیابی حاصل کر کے نہ صرف سکھ کمیونٹی بلکہ پوری پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ رنبیر کور نے شاندار کامیابی حاصل کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔

سردار گوپال سنگھ چاولہ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق کی طرف سے ذہین طالبہ کیلئے ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم اور پنجابی سکھ سنگت کی طرف سے بچی کے آئندہ تمام تعلیمی اخراجات برادشت کرنے کا اعلان کیا۔گیانی بلونت سنگھ نے کہا کہ میری بیٹی نے شاندار کامیابی سے پوری سکھ کمیونٹی اور پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ میں اپنی بیٹی کیلئے انعام اور آئندہ تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کے اعلان پر متروکہ وقف املاک بورڈ اور پنجابی سکھ سنگت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔