الطاف حسین کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کیلئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کر دی گئی

منگل 4 اگست 2015 17:58

لاہور۔4 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) ا یم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کر دی گئی-درخواست بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی میں موقف اختیار کیاگیا کہ الطاف حسین پاکستان میں بغاوت ، قتل اور بھتہ خوری سمیت متعدد مقدمات میں نامزد ہیں اور ان کو عدالت نے اشتہاری بھی قرار دے رکھا ہے تاہم حکومت انھیں گرفتار نہیں کر سکتی کیونکہ پاکستان اور برطانیہ میں مجرموں کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں۔

(جاری ہے)

کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے الطاف حسین آئے روز پاکستان کے خلاف مختلف بیانات دیتے رہتے ہیں۔ انھوں نے اپنی کئی تقاریر میں پاکستانی فوج اور سیکیورٹی اداروں پر جھوٹے الزامات عائد کرکے انھیں دنیا میں بدنام کرنے کی سازش کی جو بغاوت کے مترادف ہے۔ درخواست گزار کے مطابق الطاف حسین نے بھارت ، نیٹو اور اقوام متحدہ سے کراچی میں مداخلت کا مطالبہ کیا جو ملک سے غداری ہے لہذا عدالت نہ صرف ملک میں ان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلائے بلکہ حکم دیا جائے کہ حکومت الطاف حسین کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کرے۔