خیبر پختونخوا آئل گیس کمپنی لمیٹڈ صوبے میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں میں تیزی لائے گی ، توانائی کی بڑھتی ہوئی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی ، علاقوں میں عوام کی ترقی و خوشحالی کا ایک نیا باب کھلے گا

منگل 4 اگست 2015 17:49

پشاور ۔ 4 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) خیبر پختونخوا آئل گیس کمپنی لمیٹڈ (کے پی کے او جی سی ایل) صوبے میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں میں تیزی لائے گی جس سے نہ صرف توانائی کی بڑھتی ہوئی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ علاقوں میں عوام کی ترقی و خوشحالی کا ایک نیا باب کھلے گا۔ کمپنی کے ذرائع نے ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

04اگست۔2015ء“ کو بتایا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے 2013ء میں توانائی کی بڑھتی ہوئی صوبائی اور ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دینے کے لئے خیبرپختونخوا تیل و گیس کمپنی لمیٹڈ قائم کی تھی جس نے دو سال کی قلیل مدت میں نہ صرف ہائیڈرو کاربن کی تلاش کی سرگرمیوں میں اضافہ کیا ہے بلکہ ملکی اور غیر ملکی ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کمپنیوں کو پرکشش مراعات اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی فراہمی سے صوبے میں ان کے لئے نئی جہت پیدا کر دی ہے جس سے عوام کی ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خیبر او جی سی ایل نے ملکی اور غیر ملکی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیوں کے ساتھ مل کر صوبہ خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں تیل و گیس کی تلاش میں جوائنٹ وینچر کیا ہے تاکہ مشترکہ کوششوں سے دریافت کی کامیابیوں میں اضافہ ہو اور پٹرولیم مصنوعات کی دوسرے علاقوں میں ترسیل کے جامع انتظامات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا صوبہ میں ہائیڈرو کاربن کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور کئی علاقوں میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں 49 ہزار بیرل تیل اور 380 ملین (ایم ایم سی ایف ڈی) گیس یومیہ پیدا کر رہی ہے۔

خیبر پختونخوا او جی سی ایل نے تیل و گیس کی تلاش میں اضافے کے لئے ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ انہیں ڈیٹا کی فراہمی اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات میں بھرپور مدد کے لئے بروقت تیار ہیں تاکہ کسی بھی مشکل کا فوری ازالہ ہو سکے اور سرمایہ کاروں کو صوبائی سطح پر بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان اقدامات سے دریافت کی کامیابیوں کی شرح میں اضافہ ہوگا۔ خیبر آئل و گیس کمپنی لمیٹڈ عنقریب آئل و گیس کانفرنس منعقد کرے گی جس میں تمام ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ صوبے میں ہائیڈرو کاربن کی تیل کی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے جامع حکمت عملی تشکیل دی جا سکے اور کمپنیاں حکومتی پرکشش مراعات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

متعلقہ عنوان :