پاکستان کا ورکنگ باؤنڈری پر پکھلیاں ۔ اکھنور سیکٹر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے حالیہ بلا اشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں پر بھارتی حکومت سے احتجاج ، بھارت سیز فائر کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے ، دفتر خارجہ

منگل 4 اگست 2015 17:49

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) پاکستان نے ورکنگ باؤنڈری پر پکھلیاں ۔ اکھنور سیکٹر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے حالیہ بلا اشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں پر بھارتی حکومت سے احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے حالیہ بلا اشتعال فائرنگ سے دو شہری (عمر 14 سال اور 22 سال) شہید اور 3 بچوں اور دو خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان کی حکومت نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ بیان کے مطابق بھارت کی طرف سے سیز فائر کی بلا اشتعال خلاف ورزیاں منگل کی صبح ساڑھے 5 بجے نیو کین اور دو دیگر چوکیوں پر شروع ہوئیں۔ پاکستانی چوکیوں نے اس اشتعال انگیزی کا جواب دیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں نے بعد ازاں شہریوں اور دیہات کو نشانہ بناتے ہوئے علاقے میں اپنی تمام چوکیوں سے فائر کھول دیا۔

پاکستان کی حکومت نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی جانب سے بلا اشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں اور شہریوں کو نشانہ بنانے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سیز فائر خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن و آشتی برقرار رکھنے کے لئے 2003ء سیز فائر مفاہمت کی پاسداری کرے۔