بلوچستان میں ترقی حکومت کی ترجیح ہے، صوبہ ملک کی ترقی میں مرکزی کردار کا حامل ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کی وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات میں گفتگو

منگل 4 اگست 2015 17:49

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے بلوچستان میں ترقی کو ترجیح دے رکھی ہے کیونکہ صوبہ ملک کی ترقی میں مرکزی کردار کا حامل ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں سے بلوچستان کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو ترقیاتی منصوبہ جات اور صوبہ میں سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے جاری منصوبہ جات کو تیزی سے فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں اور گوادر کو بلوچستان کے بڑے شہروں سے منسلک کیا جائے گا تاکہ ملک اس کی بھرپور صلاحیتوں سے استفادہ کر سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کو ترمذ کے ذریعے وسطی ایشیاء کے ساتھ منسلک کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور بلوچستان پورے علاقے کی اقتصادی سرگرمی کا محور بن جائے گا۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجو بھی ملاقات میں موجود تھے۔