سماجی بھلائی اور عوامی بہبود کیلئے کام کرنے والے ادارے ملک و ملت کا قابل فخر اور قیمتی سرمایہ ہیں ،حکومت ایسے افراد اور اداروں کی قدر افزائی اور ان سے بھرپور تعاون کا عزم رکھتی ہے

وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی کا مستحقین کو امداد کا جائزہ لینے کے موقع پر خطا ب

منگل 4 اگست 2015 17:30

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ سماجی بھلائی اور عوامی بہبود کیلئے کام کرنے والے ادارے ملک و ملت کا قابل فخر اور قیمتی سرمایہ ہیں حکومت ایسے افراد اور اداروں کی قدر افزائی اور ان سے بھرپور تعاون کا عزم رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام فیکٹری ایریا لال ملز چوک فیصل آباد میں زیر تعمیر 6منزل کثیر المقاصد پلازہ سیلانی ہاؤس اور بیوگان کو ماہانہ راشن کی تقسیم کے نظام کا جائزہ لیتے ہوئے چوہدری عابد شیر علی نے سیلانی ویلفیئر کی طرف سے انسانی خدمت کے مختلف پراجیکٹس سیلانی دستر خوان‘ ماہانہ راشن تقسیم‘ غریب بچیوں کی شادی میں معاونت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں گرانقدر خدمات کو سراہا سیلانی ویلفیئر کے ٹرسٹی چوہدری عطا محمد‘ شفیق میاں داد‘ حاجی محمد یاسین اور شیخ محمد عرفان نے وزیر مملکت کو بتایا کہ سیلانی ہاؤس میں آن لائن قرآن اکیڈمی کے ذریعے دنیا بھر میں قرآنی تعلیمات کے فروغ کے علاوہ لوگوں کو پاکستان کے نمبر ون آئی ٹی ماہر ڈاکٹر ضیاء الدین آف کراچی کی زیر نگرانی کمپیوٹر ٹریننگ کی کلاسوں کا اہتمام کیا جائیگا خوبصورت مسجد کی تعمیر آخری مراحل میں ہے سیلانی ہاؤس میں میڈیکل سینٹر اور ایک جنرل سٹور بھی قائم کیا جائیگا جہاں سے کم آمدنی والے اور غریب افراد رعایتی قیمت پر کھانے پینے کی اشیاء حاصل کر سکیں گے اس کیلئے انہیں کارڈ جاری کئے جائیں گے وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ ان کے حلقہ این اے 84میں خدمت خلق کے کاموں کیلئے ایک بڑے مرکز کی تعمیر اور منظم طریقے سے پریشان حال لوگوں کی عملی مدد کا اہتمام خوشی اوراطمینان کی بات ہے حکومتی اور سماجی طور پر ایسے اداروں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی کیونکہ معاشرے کے پسماندہ اور محروم افراد کے مسائل کے حل کیلئے یہ ادارے حکومت کا ہاتھ بٹا رہے ہیں اور صاحب خیر لوگوں کو اس نیک کام میں شرکت کا موقع بھی فراہم کر رہے ہیں اس موقع پر میاں محمد انیس‘فرید اﷲ خٹک‘احمد مجتبیٰ کلیمی‘ حاجی شرافت علی‘ شہزاد شیخ‘ حاجی اسلم ڈھیڈی اور ٹرسٹ کے دیگر معاونین بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :