پاک بحریہ کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشن جاری ،3 ہزار سے زائد افرادمحفوظ مقامات پر منتقل کمانڈرپاکستان میرینز کا پنوں عاقل میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

منگل 4 اگست 2015 17:30

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) پاک بحریہ کے ریلیف اور ریسکیوآپریشن مدد کے تحت بدین، خیرپور، سکھر ،پنو عاقل، لاڑکانہ، رانی پور اور گمبٹ میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری ہے۔ آپریشن مدد کے آغاز سے ہی پاک بحریہ کی ٹیمیں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کررہی ہیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں بچوں اور خواتین سمیت تین ہزار سے زائد لوگوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے انخلاء اور محفوظ مقامات تک منتقلی کا کام مکمل کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

700 سے زائدبے گھرافراد کو پاک بحریہ کی جانب سے خیرپور میں قائم کردہ خیمہ بستی میں رہائش، خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ سجاول، بدین اور پنو عاقل میں بھی ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔پنجاب اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کی جانب سے امدادی اشیاء جمع کرنے اور تقسیم کرنے کا کام جاری ہے۔پاکستان بحریہ کے کمانڈرپاک میرینز نے آج پنو عاقل میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین میں چھ ٹن سے زائد راشن تقسیم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :