Live Updates

پی ٹی آئی کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک جمعرات تک موخر

امید ہے حکومت اور اپوزیشن لیڈر مل کر ایم کیو ایم اور جے یو آئی کو تحاریک کی واپسی پر آمادہ کریں گے، ایازصادق کے اسمبلی اجلاس میں ریمارکس

منگل 4 اگست 2015 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) قومی اسمبلی میں سپیکر سردار ایاز صادق نے اپوزیشن اور حکومت کے اتفاق رائے سے پی ٹی آئی کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک جمعرات تک موخر کر دی، قبل ازیں تحریک انصاف پر اتفاق رائے کیلئے سپیکر چیمبر میں سپیکر کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس میں طویل بحث کے بعد طے کیا گیا کہ حکومت اور قائد حزب اختلاف کو مزید وقت دیا جائے تا کہ وہ تحریک پیش کرنے والی جماعتوں، ایم کیو ایم اور جے یو آئی کے قائدین سے مل کر انہیں پی ٹی آئی ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس لینے پر آمادہ کر سکیں۔

منگل کو ایوان میں نماز ظہر کے وقفے کے بعد اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ وہ تجویز پیش کرتے ہیں کہ جے یو آئی اور ایم کیو ایم کے مطالبے پر تحریک پر ووٹنگ جمعرات کے روز موخر کر دی جائے تا کہ اس بارے اتفاق رائے سے کوئی فیصلہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قواعد معطل کرکے یہ معاملہ دوبارہ زیر بحث لایا جائے، حکومت کی طرف سے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے خورشید شاہ کی تجویز کی تائید کی جس پر سپیکر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ حکومت اور اپوزیشن لیڈر مل کر ایم کیو ایم اور جے یو آئی کو تحریک کی واپسی پر آمادہ کریں گے۔

جمعرات کو تحریک دوبارہ زیر غور آئے گی، اس کے ساتھ ہی سپیکر نے اجلاس بدھ کی صبح تک ملتوی کر دیا۔ قبل ازیں نماز ظہر کے وقفے سے قبل سپیکر نے تمام پارلیمانی لیڈرز کو ہدایت کی تھی کہ وہ ان کے چیمبر میں آئیں تا کہ پی ٹی آئی ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک پر کوئی متفقہ فیصلہ کیا جا سکا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات