وزیر داخلہ سے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کی ملاقات ، چوہدری نثا ر نے پاکستان کی طرف سے الطاف حسین کے خلاف ریفرنس برطانیہ کو بھجوانے کے فیصلے سے آگاہ کیا، پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مثالی ہیں ، ان کو مزید وسعت اور تقویت دی جائے گی،وزیر داخلہ ، پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، برطانوی ہائی کمشنر

منگل 4 اگست 2015 17:30

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اسلام آباد میں متعین برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے ملاقات کی جس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی طرف سے مسلح افواج پر تنقید ، بھارت اور نیٹو سے مدد طلب کرنے کے متنازعہ بیانات پر وزیر داخلہ نے پاکستان کی طرف سے برطانوی حکومت کو ریفرنس بھجوانے کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو پنجاب ہاؤس میں وزیر داخلہ سے برطانوی ہائی کمشنر نے اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ، خطے کی صورتحال اور دونوں ممالک کے مابین دیگر اہم امورپر تبادلہ خیال ہوا ، برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے حکومت پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

و زیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مثالی ہیں ، ان کو مزید وسعت اور تقویت دی جائے گی ۔

دریں اثناء باخبر ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں الطاف حسین کے حالیہ بیانات کا معاملہ زیر بحث آیا جس میں انہوں نے پاک فوج کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کی تھی اور بھارت اور نیٹو سے مدد مانگی ہے ۔ وزیر داخلہ نے ان بیانات پر برطانوی حکومت کو ریفرنس بھجوانے کے فیصلے سے ہائی کمشنر کو آگاہ کیا ، ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ہونیوالی پیش رفت کا معاملہ بھی زیر غور آیا اور وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان برطانوی حکومت سے عمران فاروق قتل کیس میں اپنا تعاون جاری رکھے گا