Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی اراکین کی رکنیت کا معاملہ مشاورت کیلئے جمعرات تک موخر کر دیا

منگل 4 اگست 2015 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اگست۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی اراکین کی رکنیت کا معاملہ مشاورت کے لئے جمعرات کے روز تک موخر کر دیا ہے ۔منگل کے روز سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کی سپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں مشاورت کے بعد دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ امید ہے کہ مسئلے کا حل نکل آئے گا ۔

اس لئے چاہتے ہیں کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے ۔

(جاری ہے)

مشاورت کے لئے دو دن کا ٹائم دیا جائے جبکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی خورشید شاہ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کی رکنیت کے حوالے سے مشاورت کے لئے دو دن تک کا ٹائم دیا جائے ۔جس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ چیمبر میں پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد یہ طے ہوا ہے کہ جمعرات کے روز رولز کی کارروائی کو معطل کر کے تحریک انصاف کے اراکین کی نشستوں کے معاملے پر غور کیا جائے گا ۔ جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس آج بدھ کے روز ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات