سیالکوٹ ، بجوات اور پھلکیاں سیکٹر میں بھارتی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے شہری نکل مکانی پر مجبور

منگل 4 اگست 2015 16:18

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) سیالکوٹ کے بجوات اور پھلکیاں سیکٹر میں واقع دیہات پر بھارت کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے باعث شہری نکل مکانی پر مجبور ہو گئے، پنجاب رینجرز نے مورچہ بندی کر کے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا شروع کر دیا۔ منگل کو ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے باعث سیالکوٹ کے بجوات اور پھلکیاں سیکٹر میں واقع دیہات کے مکینوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری نقل مکانی پر مجبور ہو گئے، بھارت کی طرف سے سکھیال گاؤں میں فائرنگ کے ساتھ ساتھ مارٹر شیل بھی فائر کئے گئے، بھارتی افواج کی فائرنگ اور مارٹر شیل پھینکنے سے ایک گھر میں باپ، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شدید زخمی ہو گئے جنہیں سی ایم ایچ سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

دن بھر بھارت کی طرف سے سرحدی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری، پاک افواج کی جوابی کارروائی پر بھارتی بندوقیں تھوڑی دیر کیلئے خاموش ہو جاتی رہیں جبکہ تھوڑ ہی وقفے کے بعد پھر وہی سابقہ روش دہرائی جاتی رہی، بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں دو پاکستانی شہری شہید جبکہ 14 افراد شدید زخمی ہو گئے، جس پر ان دیہات کے مکینوں کا کہناہے کہ یہاں رہنا مشکل ہو گیا ہے، بھارت کی طرف سے یہ سلسلہ بن گیا ہے کہ وقفہ وقفہ سے فائرنگ کی جاتی ہے جس سے ہمیں شدید مالی و جانی نقصان ہو رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق چناب رینجرز نے مورچہ بندی کر کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ دوسری طرف پاکستان نے مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں پر بھارت سے شدید احتجاج بھی ریکارڈ کروایا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سرحدی معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔