Live Updates

عمران خان کی منفی سیاست نے تحریک انصاف کو بہت نقصان پہنچایا ہے‘ عمران خان نے جھوٹ کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے‘حکومت نے تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی سیٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی کا انٹر ویو

منگل 4 اگست 2015 16:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان کی منفی سیاست نے تحریک انصاف کو بہت نقصان پہنچایا ہے‘ عمران خان نے جھوٹ کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے‘حکومت نے تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی سیٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہم جمہوری اقدار کے فروغ کے خواہاں ہیں‘موجودہ حکومت نے کراچی کے دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے‘ روشنیوں کا شہر کراچی ٹارگٹ کلنگ‘ بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کا شکار رہا ہے جس کی روک تھام کیلئے موجودہ حکومت نے اہم اقدامات کئے اور مسلح افواج‘ رینجرز اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے یہاں آپریشن شروع کیا جو تاحال کامیابی سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹر ویو کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت الطاف حسین کی تقاریر کا نوٹس لے رہی ہے الطاف حسین کی تقاریر ایم کیو ایم کے لئے بہت بڑا مسئلہ بن گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تو الطاف حسین کے خلاف قتل اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ نہیں کرایا۔ الطاف حسین کا نیٹو یا کسی اور ملک کو کارروائی کرنے کی دعوت دینا مذمت سے بھی بڑھ کر ہے‘ کراچی آپریشن سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر مکمل اتفاق رائے سے شروع کیا گیااس آپریشن میں کسی مخصوص جماعت کو ٹارگٹ کئے جانے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں‘ کراچی آپریشن صرف جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کیا جارہا ہے جس کا مقصد یہاں امن کی بحالی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات