ہلالِ احمر کے تعاون سے ریلوے کے سفر کو محفوظ ترین بنایا جائے گا ،ملازمین کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فرسٹ ایڈ، بلڈ سکریننگ کی تربیت دی جائے گی

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق کی ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین کے زیر قیادت وفد سے گفتگو

منگل 4 اگست 2015 16:17

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ ہلالِ احمر کے تعاون سے ریلوے کے سفر کو محفوظ ترین بنایا جائے گا ملازمین کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فرسٹ ایڈ، بلڈ سکریننگ کی تربیت دی جائے گی۔وہ ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی کے زیر قیادت وفد سے اہم میٹنگ میں گفتگو کررہے تھے۔

ہلالِ احمر پاکستان کارگو و مسافر ٹرین کے ملازمین کو ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بلڈسکریننگ، فرسٹ ایڈ کی تربیت فراہم کرے گا۔ اِس سلسلے میں وفاقی وزیر ریلوے نے دونوں اداروں کے دو دو ملازمین پر چار رکنی کمیٹی قائم کی جوفزیبلٹی رپورٹ تیار کرے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اِس موقع پر ہلالِ احمر کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ریل کے ذریعے سفر کرنے والوں کی حفاظت ہماری اوّلین ترجیح ہے اور اِس ضمن میں ہلالِ احمر کا اقدام قابلِ ستائش ہے۔

(جاری ہے)

فرسٹ ایڈ کی تربیت انسانی جانیں بچانے کیلئے ضروری ہے ہلالِ احمر تربیت کے ساتھ ساتھ محکمہ ریلوے کو فائر فائٹنگ اور ریسکیو آلات کی فراہمی میں مدد کرے۔ ہلالِ احمر کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی نے اِس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے کا تربیتی پروگرام میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان ، پاکستان ریلوے کے 85ہزار ملازمین کو فرسٹ ایڈ اور بلڈ سکریننگ کی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ ہر مسافر و کارگو ٹرین میں فرسٹ ایڈ باکس بھی فراہم کرے گا۔ اِس موقع پر سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈائریکٹر آپریشن غلام محمداعوان، ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ ٹریننگ ڈاکٹر مسعود فاضل، سیکرٹری ریلوے، سٹیشن آفیسرز سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔