Live Updates

سانحہ پشاور اور تحریک انصاف کے دھرنے کے بعد پاکستانی معیشت میں ڈرامائی تبدیلی آئی ،فوربزکادعوی

منگل 4 اگست 2015 16:16

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) امریکی بزنس میگزین ”فوربز“ نے دعویٰ کیا ہے کہ سانحہ پشاور اور تحریک انصاف کے دھرنے کے بعد پاکستانی معیشت میں ڈرامائی تبدیلی آئی ہے ،پاکستان بہت جلد عالمی دنیا میں اگلا کولمبیا بن سکتا ہے ،دہشتگردی کو اکھاڑ پھینکنے کے قومی اور سیاسی عزم نے ملکی معاشی بنیادوں کو مزید مضبوط کردیا ہے ،عسکری اور سیاسی قیادت ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے مل کر کام کررہے ہیں،ملکی موجودہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) ملک میں جموریت کے استحکام کیلئے انتھک کوششیں کررہی ہے ،جموریت کی گاڑی درست سمت کی جانب گامزن ہے ۔

منگل کو امریکی بزنس میگزین ”فوربز“ میں چھپنے والے ایک مضمون میں ماہر اقتصادیات ڈینیل رندے نے لکھا ہے کہ پاکستان اگلے کولمبیا کی کامیاب کہانی بن سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں سیکورٹی کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال ایک بڑی تبدیلی ہے ۔امریکہ کو پاکستان کو ایک مسئلے کے حل کے طور پر نہیں بلکہ ایک ممکنہ پارٹنر کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے ۔

دسمبر 2014 میں پشاور میں آرمی سکول پر دہشتگردوں کے حملے میں بچوں سمیت 145 افراد کی ہلاکت کے بعد پاکستانی سیکورٹی فورسز نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے وزیرستان اور دیگر قبائلی علاقوں میں زمینی اور فضائی کاروائیوں کے دوران 157 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔پاکستان میں حکومت ،فوج اور عوام کے درمیان طالبان اور دیگر دہشتگرد گروپوں کیخلاف مضبوط اتفاق رائے موجود ہے ۔

مضمون میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف ایک قابل کابینہ کے ساتھ ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے فوج کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔وزیراعظم نے جموریت کے ساتھ وابستگی اور استحکام کیلئے کافی کوششیں کی ہیں۔ڈینیل رندے نے لکھا ہے کہنوازشریف نے 2013 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اسلام آباد میں تحریک انصاف کے 162 روزہ دھرنے کے دوران تحمل کا مظاہر ہ کیا اور جارحانہ رویہ اختیار کرنے کے بجائے سمجھداری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے ایک آزاد جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جس کے نتائج حکومت کے حق میں آئے ہیں۔

مضمون میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی درخواست پر فوج نے دھرنے کے شرکاء کو پرامن طریقے سے منتشر کرنے کی حوصلہ افزائی کی ۔فوج کی جانب سے موجودہ حکومت کے خلاف کسی بھی اقدام سے گریز اور مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرنے کے فیصلے سے یہ پتہ چلتا ہے کہ پاکستان اپنی نازک جموریت کو مزید مضبوط کرنے کے راستے پر گامزن ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :