وزیر داخلہ چوہدری نثار علی سے لارڈ نذیر احمد کی ملاقات، الطاف حسین کے قومی اداروں کو نشانہ بنانے‘ بھارت سے مدد طلب کرنے اور نیٹو کو دعوت دینے کے بیانات پر تشویش کا اظہار

منگل 4 اگست 2015 16:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) برطانیہ کے ایوان بالا کے ممبر لارڈ نذیر احمد نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اہم ملاقات کی جس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی طرف سے پاکستان کے قومی اداروں کو نشانہ بنانے‘ بھارت سے مدد طلب کرنے اور نیٹو کی فوج کو دعوت دینے کے بیانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس حوالے سے لارڈ نذیر نے برطانوی پارلیمنٹ میں معاملہ اٹھانے کی یقین دہانی کرادی ہے اور کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے برطانیہ کو جو ریفرنس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے وہ خوش آئند ہے۔

تفصیلات کے مطابق لارڈ نذیر نے منگل کو پنجاب ہاؤس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات‘ دو طرفہ تعاون‘ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے متعلقہ امور پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

لارڈ نذیر نے بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے وزیر داخلہ کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہا اور نادرا پاسپورٹ آفس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے وزیر داخلہ کے اقدامات کی تعریف کی۔

لارڈ نذیر نے کہا کہ پاکستان اور اس کے اداروں کی ترقی جمہوریت کا استحکام اور پائیدار امن برطانیہ میں مقیم ہرپاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے تمام حکومتی اداروں کو متحرک کیا جائے گا۔ دریں اثناء ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں الطاف حسین کی طرف سے پاک فوج کے خلاف دیئے گئے بیانات کی مذمت کی گئی اور ایم کیو ایم کے قائد کی طرف سے بھارت سے مدد مانگنے کو پاکستان سے غداری قرار دیا گیا۔

لارڈ نذیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے الطاف حسین کے حالیہ بیانات کے حوالے سے برطانیہ کو جو ریفرنس بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے وہ بروقت اور درست ہے اور وہ برطانیہ میں الطاف حسین کی پاکستان دشمنی کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے اور برطانوی پارلیمنٹ میں بھی یہ معاملہ لے کر جائیں گے۔