پاک فوج میں ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے ، افغانستان میں امن کے حصول کیلئے مذاکرات واحد ذریعہ ہیں ، امن دشمن عناصر افغانستان اور خطے کی خوشحالی نہیں دیکھنا چاہتے، مذاکرات کو خراب کرنیوالے خطے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا جنرل ہیڈ کوارٹر میں کور کمانڈر کانفرنس سے خطاب

منگل 4 اگست 2015 16:13

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج میں ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے ، افغانستان میں امن کے حصول کیلئے مذاکرات واحد ذریعہ ہیں ، امن دشمن عناصر افغانستان اور خطے کی خوشحالی نہیں دیکھنا چاہتے، مذاکرات کو خراب کرنے والے خطے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں ۔ منگل کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹر میں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملکی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہا گیا ۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ملکی سیکیورٹی کی موجودہ بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ، کور کمانڈر کانفرنس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا معاملہ بھی زیر غور آیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے واضح کیا کہ پاک فوج میں ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔افغان حکومت اور افغان طالبان میں جاری مذاکرات کے حوالے سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے حصول کیلئے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں ۔ سماج دشمن عناصر خطے اور افغانستان کی خوشحالی کے خلاف ہیں ، مذاکرات کو خراب کرنے والے خطے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں ۔