وزیراعظم نواز شریف کا سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ارب روپے امداد کا اعلان

منگل 4 اگست 2015 16:13

سکھر/ گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ارب روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانتے ہیں سیلاب متاثرین پر مشکل وقت ہے، کچے کے مکینوں کو سیلاب کے باعث گھر بار چھوڑ کر کیمپوں میں آنا پڑا،مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، صوبوں اور وفاق کو مل کر سیلابوں کا راستہ روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے،سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد اور دن رات دیکھ بھال کر رہی ہے،کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو شمسی پینل دیئے گئے ہیں، پنکھے بھی ملے چاہئیں۔

وہ منگل کو سکھر اور گھوٹکی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر گھوٹکی میں قادر آباد بند پر سیلاب متاثرین کے کیمپ میں متاثرین سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف کو سکھر اور قادر آباد بند پر بریفنگ بھی دی گئی،سیکرٹری آبپاشی سندھ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گڈو میں اس وقت پانی کا بہاؤ سوا سات لاکھ کیوسک ہے، ماضی میں یہاں سے ساڑھے آٹھ لاکھ کیوسک کا ریلہ گزر چکا ہے، ضلع گھوٹکی میں سیلاب کے باعث 95ہزار افراد متاثر ہوئے، سندھ میں دریا کے تمام حفاظتی بندوں کی صورتحال بہتر ہے، سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، سکھر میں دریائے سندھ کے کچے کا 70فیصد سے زائد علاقہ متاثر ہوا ہے، سکھر کے شہری علاقے محفوظ اور بندوں کے پشتے مضبوط ہیں، حفاظتی بندوں اور پشتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف سیلاب متاثرین سے ملاقات کیلئے ایک روزہ دورے پر سکھر پہنچے تو وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور چیف سیکرٹری سندھ نے ان کا استقبال کیا، وزیراعظم نواز شریف نے سکھر اور گھوٹکی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا،وزیراعظم نواز شریف نے گھوٹکی میں سیلاب متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا، متاثرین کے مسائل سنے اور ان کے حق کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نواز شریف نے سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء بھی تقسیم کیں جن میں راشن اور ادویات سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کا سامان شامل تھا۔ وزیراعظم نواز شریف نے سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ارب روپے امداد دینے کا اعلان کر دیا۔