‘فضل الرحمان، کیپٹن صفدر،رانا شمیم کا سٹاف کمپیوٹرائزڈ حاضری سے مستثنیٰ

منگل 4 اگست 2015 15:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اگست۔2015ء) قومی اسمبلی میں ملازمین کی حاضری کے لئے بائیومیٹرک سسٹم سے مولانا فضل الرحمان ، کیپٹن(ر) صفدر اور رانا شمیم کے سٹاف کو مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے مولانا فضل الرحمان اس وقت کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔کیپٹن(ر) صفدر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیئرمین کے طور پر کام کر رہے ہیں جبکہ رانا شمیم داخلہ امور کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔

ان تینوں اعلی شخصیات کے ساتھ کام کرنے والے تمام ملازمین کو کمپیوٹرائزڈ حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے جبکہ قومی اسمبلی کی دیگر تمام قائمہ کمیٹیوں کے ساتھ کام کرنے والے ملازمین اور دیگر سٹاف بائیومیٹرک سسٹم کے تحت حاضری لگاتا ہے ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ قومی اسمبلی کے دیگر ملازمین میں آج کل یہ دوڑ لگی ہوئی ہے کہ کسی کی سفارش کروا کے مولانا فضل الرحمان ، کیپٹن (ر) صفدر یا پھر رانا شمیم کے ساتھ ڈیوٹی لگوالیں زیادہ تر ملازمین کو سپیکر قومی اسمبلی سے شکوہ بھی ہے کہ یا تو سب کو بائیومیٹرک نظام سے منسلک کریں اور یا پھر ہمیں اس نظام سے چھوٹ دے دیں ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملازمین کا یہ مطالبہ تسلیم کرنے کی بجائے چیئرمین سینٹ کو بھی تجویز دے ڈالی کہ سینٹ کے تمام ملازمین کے لئے حاضری کا نظام بائیومیٹرک سسٹم کر دیا جائے ۔ مگر چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے یہ تجویز ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسے منصوبے پر عمل نہیں کر سکتا جس سے چھوٹے ملازمین شکنجے میں آجائیں اور بڑوں کو من مرضی کرنے کا موقع ملے ۔

متعلقہ عنوان :