کوئی بھی شخص الطاف حسین کے بیانات کا کسی صورت دفاع نہیں کرسکتا ‘ وزیر اطلاعات پرویز شید

منگل 4 اگست 2015 13:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص الطاف حسین کے بیانات کا کسی صورت دفاع نہیں کرسکتا ‘آئین اور قانون موجود ہے ‘ جسے اپنا راستہ بنانا چاہیے ‘برطانیہ میں منی لانڈرنگ کیس چل رہا ہے ‘ الطاف حسین نے برطانوی حکومت کے خلاف کیو ں بیانات نہیں دیئے ۔

ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کوئی اور شخص یہ بیانات دیتا تو ایم کیو ایم کے رہنما خود اس کی مذمت کر رہے ہوتے انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون موجود ہے جسے اس سلسلے میں اپنا راستہ بنانا چاہئے۔ وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا کہ جب تک الطاف حسین ریاستی اداروں کیخلاف اپنے بیانات پر قائم ہیں اس وقت تک یہ ناقابل معافی جرم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کئی سال بعد کراچی میں عیدالفطر کی پوری رات مارکیٹیں کھلی رہیں اور وہاں کے عوام نے 70 ارب روپے کی عید پر خریداری کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ان کے حالیہ دورے کے دوران کراچی کی سڑکوں پر جو لوگ ان سے ملے انہوں نے حکومت کی قیام امن کی کوششوں کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں بلاامتیاز آپریشن جاری ہے جو قومی مفاد میں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ایک آزاد میڈیا اور عدلیہ موجود ہے تو کسی کیخلاف ظلم یا کسی مخصوص جماعت کیخلاف امتیازی سلوک کیسے ممکن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الطاف حسین کیخلاف لندن میں منی لانڈرنگ کا کیس قائم ہوا تو انہوں نے برطانوی حکومت کیخلاف کیوں بیانات نہ دےئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک جمہوری حکومت کے خاتمہ کے بعد ایم کیو ایم نے ایک ڈکٹیٹر کے ہاتھ مضبوط کئے جس نے اس پارٹی کو نئی زندگی دی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی تقریر آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے الطاف حسین سے کوئی ذاتی اختلافات نہیں ہیں مگر ان کی تقریر شدید قابل مذمت ہے۔