ایم کیو ایم یا الطاف حسین سے کوئی دشمنی نہیں، حالات الطا ف حسین کی زبان کی وجہ سے خراب ہوتے ہیں، الطاف حسین کا معاملہ عدالتی ہے ،سیاسی نہیں

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کاراولپنڈی میں پولیس لائنز میں خطاب، میڈیا سے گفتگو

منگل 4 اگست 2015 13:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم یا الطاف حسین سے کوئی دشمنی نہیں، حالات الطا ف حسین کی زبان کی وجہ سے خراب ہوتے ہیں، الطاف حسین کا معاملہ عدالتی ہے سیاسی نہیں،پی ٹی آئی کے لیڈر بنڈل کے بنڈل لے کر لندن گئے تھے، کیا فیصل ووڈا کے پاس اپنے لیڈر سے زیادہ ثبوت ہیں، الطاف حسین کے معاملے پر عدالت پاکستان میں نہیں برطانیہ میں لگی ہے، برطانوی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں، عمران فاروق قتل کیس میں سکارٹ لینڈ یارڈ کو ملزمان تک رسائی دی،پولیس کی ڈسپنسری کو ہسپتال کا درجہ دیا جائے گا، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی پولیس میں ہم کوئی تفریق نہیں رکھتے، خیبرپختونخوا کے مطالبے پر پنجاب سے قابل پولیس افسر وہاں بھیجا، دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو راولپنڈی میں پولیس لائنز کی ایک تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدر ی نثار نے کہاکہ اداروں کو مضبوط کرنے سے دلی خوشی ہوتی ہے، گزشتہ دو برسوں میں پاکستان کی پولیس نے تاریخ ساز قربانیاں دی ہیں، پولیس کی کوششوں کی وجہ سے پاکستان کے طول و عرض میں بہتری آئی ہے اور امن قائم ہوا ہے، پولیس اپنے جوش و جذبہ سے سماج دشمن عناصر کے خلاف نبرد آزما ہے، پولیس خیبرپختونخوا کی ہو یا پنجاب کی، کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ پاکستان کی ہے، پولیس افسران کی قربانیاں بھلائی نہیں جا سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں پولیس نے سینکڑوں دہشت گردوں کو گرفتار کیا، دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، اسلام کے نام پرمعصوم لوگوں پر خود کش دھماکے کرنے والے گمراہ ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کا تعاون ضروری ہے، پاکستان کو اس وقت روایتی نہیں بلکہ غیر روایتی پولیس کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی تقاریر ان کیخلاف مسائل پید اکرتی ہیں جب کو تقاریر میں اداروں کی تضحیک کرتے ہیں تو حالات خراب ہوتے ہیں ،حکومت اداروں کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دے گی الطاف حسین کا کیس پاکستان میں نہیں بلکہ برطانیہ میں ہے۔