وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں بڑے آبی ذخائر داسو ڈیم اور دیامیر بھاشا ڈیم پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ‘ رانا بابر حسین

منگل 4 اگست 2015 13:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں بڑے آبی ذخائر داسو ڈیم اور دیامیر بھاشا ڈیم پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دونوں ڈیموں کیلئے اربوں روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کو ہر برائی پنجاب میں نظر میں آتی ہے اور وہ یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ خیبرپختون خواہ میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختون خواہ کی حکومت بلدیاتی انتخاب پر امن نہیں کراسکی وہاں ان گنت افراد گولیوں کا شکا رہوئے لیکن عمران خان کو خیبرپختون خواہ یں سب اچھا نظر آتا ہے ۔پنجاب حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار 12 ارب روپے سے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے جس کے تحت 85 ہزار سے زائد ہونہار مستحق طلبا و طالبات ملکی اور غیر ملکی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اس پروگرام میں پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واؤچر سکیم کے تحت 16 لاکھ بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ پنجاب میں میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ سے زائد اساتذہ بھرتی کئے گئے ہیں ۔ پنجاب میں سفارش، رشوت، کرپشن، دھونس اور دھاندلی کے کلچر کو دفن کر دیا گیا ہے اور تمام اداروں میں بھرتیاں صرف میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر ہو رہی ہیں۔عمران خان بتائیں کہ تعلیم کو فروغ دینے کے لئے انہوں نے خیبرپختون خواہ میں کیا اقدامات کئے ہیں۔