انٹرنیشنل اسنوکر چیمپین شپ کراچی میں 6 اگست سے شروع ہوگی،کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی

پیر 3 اگست 2015 22:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) کراچی میں انٹرنیشنل اسنوکر چیمپین شپ 6 اگست سے شروع ہوگی جو 15 اگست تک جاری رہے گی۔چیمپئین شپ میں اٹھارہ ممالک حصہ لے رہے ہیں۔کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلا س میں چیمپئین شپ کے انعقاد کا جائزہ لیا گیا کمشنر نے چیمپیئن شپ کے انعقاد ے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کے احکامات جا ری کئے۔

اجلاس میں پاکستان بلئیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدرعالمگیر اے شیخ نے چیمپئین شپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ چیمپیئن شپ میں اٹھارہ ممالک حصہ لے رہے ہیں۔جن میں افغانستان،آسٹریلیا،بحرین،چین،مصر،برطانیہ،ہانگ کانگ بھارت،ایران،لیتویا،ملیشیا، پاکستان،فلپین،پولینڈ ، قطر ،سعودی عرب،سری لنکا،ترکی اور عرب امارات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتا یا کہ جوبلی 6 ریڈ اینڈ ٹیم ورلڈ اسنوکر چیمپیئن شپ میں چار ایونٹ ہوں گے ۔ جن میں لیڈیز ایونٹ، ماسٹرز ایونٹ ،6 ریڈ مینز، اور ٹیم مینز شامل ہیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شر قی آغا پرویزایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنوبی فرحان غنی ، بلدیہ عظمیٰ سینئر پولیس ، ٹریفک پولیس کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے افسران نے شر کت کی۔

کمشنر نے کہاکہ ورلڈ اسنوکر چیمپئین شپ کا کراچی میں انعقاد ملک اور کراچی کے لئے ایک اعزازکی بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممتاز اسنوکر کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی سطح کے حکومتی ادارے اس کے انعقاد میں تعاون کر رہے ہیں۔ اس سے پاکستان کا اچھا تاثر قائم ہوگا اور کراچی میں کھیلوں کی سر گرمیوں کو فروغ دینے کی کوششوں کو تقویت ملے گی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس موقع پر فول پروف سیکورٹی فراہم کی جا ئے گی۔ متعلقہ ادارے سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے مربوط اور موثر اقدامات کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی ائیرپورٹ اور کھلاڑیوں کے راستہ میں استقبالیہ بینر ز آویزاں کرے گی ۔جبکہ ٹریفک پویس ٹریفک مینجمنٹ کے خصوصی انتظامات کر ے گی۔

متعلقہ عنوان :