سیکرٹری دفاع کا لاپتہ وکیل حماد دادن کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار، معاملے کی تحقیقات کے لئے مہلت طلب کر لی

پیر 3 اگست 2015 22:58

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) سیکرٹری دفاع عالم خان خٹک نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے روبرو لاپتہ وکیل حماد دادن کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لئے مہلت طلب کر لی ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سیکرٹری دفاع کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ دیدیا ہے۔

مقدمے کی مزید سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کریں گے۔

(جاری ہے)

مذکورہ کیس میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سیکرٹری دفاع کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم فاضل جج کی علالت کے باعث اس مقدمے کو عارضی طور پر دوسرے بنچ میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ پیر کو جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی تو سیکرٹری دفاع عالم خان خٹک نے عدالت میں پیش ہو کر موقف اپنایا کہ لاپتہ وکیل کے بارے میں نہیں پتہ کہ وہ کہاں ہے ، معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں لہٰذا ہمیں مہلت دی جائے۔ فاضل عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع کو آئندہ سماعت پر حاضری سے بھی استثنیٰ دے دیا۔ کیس کی مزید سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کریں گے۔